پانچ حاجیوں پر گرمی کا حملہ، 78 ہزار کو طبی خدمات فراہم

ادارہ امور صحت کا کہنا ہے کہ حج سیزن کے آغاز سے ذی الحجہ کی دوسری تاریخ تک سعودی مملکت میں ہیٹ اسٹروک کے پانچ کیسز ریکارڈ کیے گئے ہیں۔
اخبار 24 کے مطابق ادارہ امور صحت کا مزید کہنا تھا کہ لو لگنے کے کیسز کا بروقت علاج کیا گیا۔ مملکت میں حج سیزن کے آغاز سے اب تک 78 ہزار عازمین کو مختلف نوعیت کی طبی خدمات فراہم کی جاچکی ہیں۔
وزارتِ صحت کے زیر انتظام قائم صحت مراکز سے 46 ہزار عازمین نے رجوع کیا جبکہ ایمرجنسی کے شعبے میں 17 ہزار کیسز ریکارڈ ہوئے۔ تین ہزار سے زائد عازمین کو مختلف ہسپتالوں میں علاج کیلیے داخل کیا گیا جن میں سے 1600 کے قریب انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں زیرعلاج ہیں علاوہ ازیں 8 عازمین کی اوپن ہارٹ سرجری اور 104 کی اینجوپلاسٹی کی گئی۔