دنیا کا سب سے بڑا قرآنی نسخہ گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں شامل

مکہ مکرمہ کے حرا کلچرل ڈسٹرکٹ میں قائم قرآن میوزیم میں محفوظ دنیا کے سب سے بڑے قرآنِ کریم کے نسخے کو گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں شامل کر لیا گیا ہے۔ سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق یہ عظیم الشان نسخہ 700 صفحات پر مشتمل ہے، جس کا مجموعی حجم 312×220 سینٹی میٹر ہے۔

یہ قرآنِ کریم دسویں صدی ہجری کے ایک بڑے تاریخی نسخے کے طرز پر تیار کیا گیا ہے، جس کا اصل حجم 45×30 سینٹی میٹر تھا۔ اس منفرد نسخے میں سورتوں کی کتابت خطِ ثلث جبکہ سورۃ الفاتحہ خطِ نسخ میں کی گئی ہے۔

یہ نسخہ عربی فنِ خطاطی، گلڈنگ اور بائنڈنگ کا شاہکار ہے، جس میں اسلامی فنون کی روایتی سجاوٹ اور جمالیاتی خصوصیات نمایاں طور پر نظر آتی ہیں۔

قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ قرآنِ کریم کا ایک قدیم نسخہ، جو ہجری سال 1300 (مطابق 1883 عیسوی) میں وقف کیا گیا تھا، تاحال شاہ عبدالعزیز کمپلیکس اوقاف لائبریری میں محفوظ ہے۔

مکہ مکرمہ کے معروف حرا کلچرل ڈسٹرکٹ میں قائم قرآن میوزیم میں مختلف ادوار کے نادر و نایاب قرآنی نسخے موجود ہیں، جہاں آنے والے زائرین کو قرآنِ کریم کی تاریخ، حفاظت اور ارتقا سے متعلق جامع معلومات فراہم کی جاتی ہیں۔ نادر قرآنی مخطوطات کے تحفظ اور ان کی نمائش کے حوالے سے یہ میوزیم غیر معمولی اہمیت کا حامل ہے۔