اسلام آباد:وزیردفاع خواجہ آصف نے خبردار کیا ہے کہ اگر بھارت نے جنگ کو بڑھاوا دیا تو نیوکلیئر جنگ ہوسکتی ہے۔نجی ٹی وی سے خصوصی گفتگو میں خواجہ آصف کاکہنا تھا کہ نیوکلیئر جنگ کی صورت میں ساری ذمہ داری بھارت پر عائد ہوگی۔
دریں اثناء پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہاکہ بھارت کے ساتھ صورتحال کشیدہ ہے اور بھارتی آبی ذخائر کو نشانہ بنانا بھی ایک آپشن ہو سکتا ہے۔
وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ صورتحال تاحال سنجیدہ اور پریشان کن ہے اور اس کی شدت میں کوئی کمی نہیں آئی۔انہوں نے کہا کہ جنگ مزید آگے بڑھ سکتی ہے۔ نیلم جہلم پر حملہ کیا ہے، جب ایسی صورتحال ہوگی تو جواب تو دینا ہوگا۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم پارلیمنٹ کے ذریعے ایوان اور عوام کو اعتماد میں لیں گے۔ پاکستان کی جانب سے پہلگام واقعے پر تحقیقات کی پیش کش اب بھی موجود ہے۔ موجودہ جنگی صورت حال میں تجارتی بات نہیں ہو سکتی، تمام ذرائع فی الحال بند ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان پر کسی طرح کا عالمی دباؤ نہیں ہے، بھارت نے پہل کی ہے تو ہم نے اس کا جواب دیا ہے، دوبارہ جارحیت کی گئی تو دوبارہ جواب دیا جائے گا۔خواجہ آصف نے کہا کہ افواج پاکستان کو بھارت کو جواب دینے کا اختیاردے دیا ہے۔
افواج پاکستان اس حملے کو ترتیب دیں گی، رات جو منہ توڑ جواب دیا ہے، مودی کے پلے اب کچھ نہیں رہ گیا، ہوسکتا ہے بھارت کے ساتھ جوہوا ہے اس پرپھرکوئی حرکت کرے۔وزیر دفاع کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے بھارت کے ملٹری ٹارگٹس کوہی نشانہ بنایا ہے۔
بھارت نے پاکستان میں سب جگہ سویلین کو نشانہ بنایا ہے، بھارت نے بہانہ بنا کر6، 7 جگہوں کو ٹارگٹ کیا، لگ نہیں رہا ہے ٹینشن فی الوقت کم ہو، اپنی حکمت عملی قبل از وقت نہیں بتا سکتے۔