افغان عبوری حکومت کی بگرام ایئر بیس پر امریکی قبضے کی تردید

کابل:افغان عبوری حکومت نے افغانستان کا بگرام ایئر بیس امریکا کے حوالے کرنے سے متعلق تمام زیرِ گردش خبروں کی تردید کر دی۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق افغانستان میں بگرام ایئر بیس امریکا کے حوالے کرنے کی خبریں گردش کرنے لگیں، تاہم افغان عبوری حکومت نے ان خبروں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد قرار دے دیا۔

افغان عبوری حکومت کے مرکزی ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے زیرِ گردش میڈیا رپورٹس کو پروپیگنڈا قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت اڈے پر مکمل کنٹرول رکھتی ہے۔ انہوں نے امریکی اڈے پر قبضے کو ناممکن قرار دیتے ہوئے مزید کہا کہ اس وقت افغانستان میں کسی غیر ملکی فوجی موجودگی کی ضرورت نہیں ہے اور نہ ہی امارتِ اسلامیہ افغانستان ایسی کارروائی کی اجازت دے گی۔