افغانستان کے شمالی شہر مزار شریف اور اس کے نواحی علاقوں میں اتوار اور پیر کی درمیانی شب 6.4 شدت کا زلزلہ محسوس کیا گیا، جس کے نتیجے میں متعدد افراد جاں بحق اور درجنوں کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں، حکام نے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔افغان صوبہ بلخ کے دارالحکومت مزار شریف اور اطراف میں پیر کی صبح شدید زلزلہ محسوس کیا گیا۔
زلزلے کے نتیجے میں اب تک 20 افراد کے جاں بحق اور320 کے قریب زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 6.4 ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کی گہرائی 28 کلومیٹر تھی۔ مزار شریف کی آبادی تقریباً پانچ لاکھ 23 ہزار کے قریب بتائی جاتی ہے۔
امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کے لیے ‘اورنج الرٹ’ جاری کیا گیا ہے، جو اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ جانی نقصان اور تباہی کے امکانات زیادہ ہیں اور بڑے پیمانے پر امدادی کارروائیوں کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔بلخ صوبے میں طالبان حکومت کے ترجمان حاجی زید نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بتایا کہ زلزلے کے بعد شولگرا ضلع میں کئی افراد زخمی ہوئے ہیں۔ زیادہ تر افراد اونچی عمارتوں سے گرنے کے باعث زخمی ہوئے۔

