فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی،کراچی کے بازاربند،ملک بھر میں ریلیاں

کراچی/ لاہور/پشاور/کوئٹہ/ڈیرہ اسماعیل خان:کراچی سمیت ملک بھر کے مختلف شہروں میں فلسطین کے حق میں احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں،کراچی میںکاروبار بند رہا،احتجاجی ریلیوں میں بچے،بوڑھے،مرد وخواتین نے بھرپور شرکت کی۔

کراچی میں مظلوم فلسطینیوں سے اظہار یک جہتی کے لئے تاجر برادری نے احتجاجی ہڑتال کی، شہر کے تمام بڑے بازار مکمل بند رہے، تاجروں نے اسرائیلی مصنوعات کے بائیکاٹ کا مطالبہ کیا۔تاجروں کا کہنا تھا کہ غزہ کے مظلومین سے اظہار یکہتی کے لئے کاروبار بند کیا ہے ،تاجروں نے مختلف بازاروں میں احتجاج کیا اور فلسطین کے حق میں نعرے لگائے۔

تاجروں کا کہنا تھا کہ فلسطین میں معصوم بچوں سمیت ہزاروں افراد کو شہید کردیا گیا، انھوں نے مطالبہ کیا کہ سرائیلی مصنوعات کا بائیکاٹ کیا جائے۔کراچی موبائل اینڈ الیکٹرانکس ڈیلر ایسوسی ایشن اور آل پاکستان جیولرز ایسوسی ایشن کے رہنمائوں رضوان عرفان اور جمیل پراچہ نے سیاسی پارٹیوں کے ہمراہ بھی اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا۔

مظاہرے میں پاکستان مرکزی مسلم لیگ ،تحریک لبیک پاکستان ، پی ٹی آئی کے رہنماء بھی شریک ہوئے،تاجروں کی ہڑتال کے باعث بولٹن مارکیٹ، جوڑیا بازار، میڈیسن مارکیٹ، صرافہ بازار،موبائل مارکیٹ،طارق روڈ ،جوڑیا بازار، کاغذی بازار، میٹھا دار، صرافہ بازار بند رہے۔

لاہور میں پاکستان مرکزی مسلم لیگ لاہورکے زیر اہتمام اسرائیل کی عہد شکنی اور غزہ کے مظلوم مسلمانوں پرجارحیت کیخلاف پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔مظاہرے میں ہر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد نے شرکت کی۔

شرکاء نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اور فلسطینی پرچم تھام رکھے تھے جس پر اسرائیل مخالف اور غزہ سے اظہار یکجہتی کے جملے درج کیے گئے تھے۔احتجاجی مظاہرے سے مرکزی مسلم لیگ کے رہنمائوں نے خطاب کیا۔

حافظ طلحہ سعید نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کی عہد شکنی نے ایک بار پھر ثابت کر دیا ہے کہ یہ جارح ریاست امن کی کسی بھی کوشش کو سبوتاژ کرنے کے درپے ہے۔اگر عالم اسلام نے اب بھی فلسطینیوں کے حق میں عملی اقدامات نہ کیے تو مشرق وسطیٰ میں امن کا خواب کبھی پورا نہیں ہوگا۔

اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کے علمبردار نام نہاد عالمی ادارے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔پشاور میں پاکستان مرکزی مسلم لیگ کا فلسطین کے مظلوم عوام کے حق میں احتجاجی مظاہرہ ہوا۔

فوارہ چوک صدر سے پشاور پریس کلب تک احتجاجی ریلی پشاور پریس کلب پہنچی، ریلی کی قیادت مرکزی مسلم لیگ کے صوبائی صدر عارف اللہ خٹک ، جنوبی پختونخوا کے صدر یاور آفتاب، جنرل سیکرٹری پشاور انعام اللہ،جے یو آئی (س) کے رہنماء یوسف شاہ ،طیب قریشی کر رہے تھے۔

مظاہرین نے فلسطینی عوام کے حق میں بینرز اٹھا رکھے تھے۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی مسلم لیگ کے صوبائی صدر کا کہنا تھا کہ اسرائیل ایک ناجائز ریاست ہے، کسی صورت قبول نہیں کریں گے، رمضان اورعید کے ایام میں اسرائیل نے نہتے فلسطینیوں کو شہید کیا۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ اسرائیل نے مقدس ایام میں معاہدوں کی خلاف ورزی کی، اسرائیل نے ایسی کوئی ٹیکنالوجی نہیں چھوڑی جو فلسطین کیخلاف استعمال نہ کی ہو، صوبائی صدر کا کہنا تھا کہ انسانیت کے علمبردار اور مسلم امہ کے حکمرانوں کی خاموشی پر افسوس ہے، حکومت پاکستان فلسطین کے حق میں کھڑی ہو کر امت مسلمہ کی قیادت کرے۔

ملتان میں پریس کلب کے سامنے پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے زیر اہتمام فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کا مظاہرہ کیا گیا۔اسرائیلی بربریت اور عہد شکنی کے خلاف شدید احتجاج ہوا، شرکاء کا عالمی برادری سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیاگیا۔

مظلوم فلسطینی عوام کے حق میں نعرے بازی کی گئی،مظاہرین نے فلسطینی پرچم، اسرائیل مخالف بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ مسلم حکمران اور عالمی ادارے فوری کردار ادا کریں۔پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے رہنماؤں نے اعلان کیا کہ فلسطین کے حق میں تحریک جاری رہے گی۔

ننکانہ صاحب میں ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن ننکانہ صاحب نے فلسطینی شہری آبادیوں پر اسرائیلی حملوں اور بے گناہ شہریوں کی شہادت پر مکمل ہڑتال کی اور عدالتی امور کا بائیکاٹ کیا۔ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے عہدیدران نے نہتے فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اقوام متحدہ سے فوری نوٹس لینے اور فریقین کے مابین جنگ بندی کے معاہدے پر مکمل عمل درآمد کروانے کا مطالبہ کیا۔

دریں اثناء جے یو آئی اور جماعت اسلامی کے تحت بھی مختلف شہروں میں مظاہرے کیے گئے اور فلسطینی عوام سے بھرپور اظہار یکجہتی کیا گیا۔

دوسری جانب جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے 10 اپریل کو مسئلہ فلسطین پر کنونشن اور 13 اپریل کو کراچی میں اسرائیل مردہ باد مظاہرہ کرنے کا اعلان کر دیا۔سماجی رابطے کی سائٹ ایکس اور فیس بک پر اپنے ویڈیو پیغام میں مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ فلسطین جل رہا ہے، بچے تڑپ رہے ہیں اور حکمران خاموش ہیں۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ امت مسلمہ کا ہر فرد بیدار ہو اور اپنی آواز بلند کرکے حکمرانوں کو جھنجھوڑے، یہ وقت اپنے مسلمان فلسطینی بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہونے کا ہے۔انہوں نے کہا کہ 10 اپریل کو مسئلہ فلسطین پر کنونشن منعقد ہوگا، کنونشن میں تمام مکاتب فکر کے ساتھ بیٹھ کر حکمت عملی بنائیں گے، 13 اپریل کو کراچی میں عظیم الشان اسرائیل مردہ باد مظاہرہ ہوگا۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ آج فلسطین میں غزہ کے مسلمانوں پر اسرائیلی صہیونی قوتوں کے ہاتھوں جو بیت رہی ہے یا بیت چکی ہے وہ تاریخ کے صفحات پر سیاہ دھبوں کے سوا کچھ نہیں، اسرائیل نے امن معاہدہ توڑ کر غزہ پر شب خون مارا ہے۔

سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ یہ بزدلی کی تاریخ کا حصہ ہے، اسے بہادری کا عنوان کبھی بھی نہیں دیا جاسکتا، اس قوم کی بزدلی پر قرآن کریم گواہ ہے، انہوں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے زمانے میں بھی معاہدات توڑے ہیں، یہ آج بھی اسی روش پر قائم ہیں اور ناقابل اعتماد قوم ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ جو کچھ ہوا اسے انسانی عمل سے تعبیر نہیں کیا جاسکتا، یہ سفاکیت اور درندگی ہے، نیتن یاہو جنگی مجرم ہے، اسے عالمی عدالت انصاف نے گرفتار کرنے کا حکم دیا ہے، نہ عدالتوں کی سنی جا رہی ہے اور نہ قانون کا احترام ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نام نہاد انسانی حقوق کے علمبردار امریکا اور یورپ انسانیت کے قتل پر صہیونیت کا ساتھ دے رہے ہیں، امت مسلمہ اپنے ملکوں میں اپنے حکمرانوں پر سیاسی دباؤ بڑھائے۔