عید کی تیاری کے سلسلے میں کون سی اشیا سب سے زیادہ مہنگی ہوئیں؟

اسلام آباد: عید کی تیاری کے سلسلے میں کون سی اشیا سب سے زیادہ مہنگی ہوئیں؟۔وفاقی حکومت کے ادارہ شماریات نے اعداد وشمار جاری کر دیے ہیں۔

وفاقی ادارہ شماریات نے ماہانہ بنیادوں پر مختلف شعبوں میں مہنگائی کی تفصیلات جاری کی ہیں جس کے مطابق ایک ماہ میں سب سے زیادہ جوتوں کی قیمت میں ریکارڈ اضافہ ہوا اور وہ 31.89فیصد تک مہنگے ہوئے جب کہ کپڑے 15.26فیصد مہنگے ہوئے۔

جاری رپورٹ کے مطابق رپورٹ کے مطابق ایک ماہ میں کاٹن کا کپڑا 15.12 فیصد، وولن کپڑا 10.55 فیصد مہنگا ہوا۔ ریڈ میڈ گارمنٹس 9.5 جب کہ وولن ریڈی میڈ گارمنٹس کی قیمتیں 11.51 فیصد بڑھیں۔

درزیوں کے معاوضوں میں 8.5 فیصد، ہوزری کے شعبے میں ایک ماہ کے دوران 14.85 فیصد مہنگائی ہوئی۔ماہانہ بنیادوں پر گھریلو ساز وسامان 5.39 فیصد، پلاسٹک مصنوعات 8.5 فیصد، ٹیکسٹائل کی گھریلو مصنوعات 14.26 فیصد مہنگی ہوئیں۔

ایک ماہ میں ریسٹورینٹس اور ہوٹلز کی خدمات کے معاوضے میں 5.64 جب کہ تفریحی شعبہ میں 5.21 فیصد مہنگائی ریکارڈ کی گئی۔ ریڈ میڈ فوڈ 5.53 فیصد مہنگا ہوا۔