راولپنڈی/کراچی/کوئٹہ:رمضان المبارک کے بعد بھی مہنگائی کم نہ ہو سکی، ملک بھر میں گوشت اور مرغی کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں۔راولپنڈی میں برائلر چکن کا گوشت 900روپے فی کلو میں مل رہا ہے۔ بڑے گوشت کا سرکاری نرخ 800روپے فی کلو مقرر ہے مگر اوپن مارکیٹ میں یہ گوشت 1400سے 1500روپے فی کلو میں فروخت ہو رہا ہے۔
چھوٹے گوشت کا سرکاری نرخ 1600روپے فی کلو ہے تاہم یہ اوپن مارکیٹ میں 2200 سے 2300 روپے فی کلو فروخت ہو رہا ہے۔راولپنڈی میں برائلر زندہ چکن کا سرکاری نرخ 412 روپے فی کلو مقرر کیا گیا ہے لیکن اوپن مارکیٹ میں یہ زندہ چکن 540 سے 580 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہا ہے۔
پنجاب حکومت نے برائلر مرغی کے گوشت کے بجائے صرف زندہ چکن کے نرخ مقرر کیے ہیں۔کراچی میں بھی گوشت کی من مانی قیمتوں پر فروخت جاری ہے۔ بکرے کا گوشت 2000 روپے فی کلو سرکاری نرخ کے بجائے 2500 سے 2800 روپے فی کلو میں دستیاب ہے۔
بچھیا کا بغیر ہڈی گوشت 1150 روپے کی بجائے 1600 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہا ہے، جبکہ بچھیا کا ہڈی والا گوشت 1000 روپے کے بجائے 1400 روپے فی کلو میں دستیاب ہے۔
کراچی میں مرغی کا گوشت بھی سرکاری نرخوں سے مہنگا فروخت ہو رہا ہے۔ 650 روپے فی کلو کا مرغی کا گوشت اب 750 روپے فی کلو میں مل رہا ہے۔پشاور میں بھی گوشت، قیمہ، دالیں، پھل، سبزیاں ودیگر اشیا خورونوش کی قیمتیں آسمان کو چھونے لگیں۔ بڑا گوشت 1200 روپے، مٹن 2200 روپے، دودھ 240 روپے اور دہی 250 روپے فی کلو فروخت ہو رہا ہے۔
مرغی کی فی کلو قیمت 550 روپے اور پھل و سبزی کی قیمتیں بھی کم نہ ہو سکیں۔ادھرکراچی میں مرغی کے گوشت کی قیمت میں اضافے کے بعد فی کلو مرغی 850 روپے کی ہوگئی۔کمشنرکراچی نے مرغی کے گوشت کی سرکاری قیمت 650 روپے مقررکررکھی ہے تاہم مرغی کا گوشت 850 سوپچاس روپے فی کلو میں فروخت کیا جانے لگا۔
دکانداروں کا کہنا ہے کہ مہنگی مرغی خرید کرسستی نہیں بیچ سکتے۔دوسری جانب کوئٹہ میں مرغی کے گوشت کی قیمت میں اضافے کے بعد فی کلو مرغی 880 روپے کی ہوگئی۔ مرغی کے فی کلو گوشت کی قیمت میں ایک روز میں 54 روپے اضافہ ہوگیا، جس کے بعد مرغی کے فی کلو گوشت کی قیمت 746 سے بڑھ کر 800 روپے ہوگئی ہے جبکہ کچھ مقامات کر مرغی 880 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہی ہے۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق مرغی کے گوشت کے سرکاری نرخ 595 روپے فی کلو ہیں جبکہ رمضان اورعید پرمرغی کاگوشت 840 روپے تک میں فروخت کیا جا رہا تھا۔لاہور شہر میں مرغی مٹن اور بیف کی قیمتوں پر قابو نہ پایا جا سکا۔لاہور میں زندہ مرغی کا سرکاری ریٹ 383 روپے فی کلو ہے جبکہ 515روپے کلو میں فروخت کی جا رہی ہے۔
مرغی کے گوشت کاسرکاری ریٹ 595ہے جبکہ 760روپے کلو میں فروخت کیا جارہا ہے۔دوسری طرف شہر میں مٹن کا سرکاری ریٹ 1 ہزار 600 مقرر ہے، جو ہزار روپے زائد یعنی 2 ہزار 6 سو روپے فی کلو فروخت ہو رہا ہے۔