لاہور: امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے 11اپریل کو امریکی قونصل خانے کی طرف مارچ کرنے کا اعلان کردیا۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ 11اپریل کو امریکی قونصل خانے کی طرف مارچ کریں گے، 13اپریل کو کراچی اور 20اپریل کو اسلام آباد میں مارچ کریں گے۔
حافظ نعیم الرحمن نے بجلی کی قیمتیں کم کرنے پر وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ فلسطینیوں کی نسل کشی کی جا رہی ہے، امریکا کسی کا دوست نہیں، یوکرین کے حالات دیکھ لو، امریکا اور اسرائیل مجرم ہیں، انہیں تاریخ معاف نہیں کرے گی۔
عید پر فلسطین میں بچوں پر بمباری کی گئی۔ امریکا اور یورپی یونین اسرائیل کے سپورٹر ہیں، غزہ کی صورتحال پر کوئی بولنے کو تیار نہیں، مغرب میں باضمیر لوگ احتجاج کر رہے ہیں۔ غزہ کو 80سے 90فیصد تباہ کردیا گیا ہے۔
غزہ میں 80ہزار لوگوں کو بیدخل کردیا گیا۔ حافظ نعیم الرحمان نے آج سے جماعت اسلامی کی تمام معمول کی سرگرمیاں موخر کرنے کا اعلان کردیا۔حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ پاکستان سے پارلیمنٹرین کا وفد ترکیہ، ایران، ملائیشیا سعودی عرب، مصر سمیت مسلم ممالک سے بات کرے کہ اسرائیلی گھیرؤ کو توڑا جائے۔
پوری دنیا میں فلسطین کے معاملہ پر قبرستان جیسی خاموشی ہے، امریکا، برطانیہ اور یورپ کے چہرے کا نقاب اتر چکا ہے، ثابت ہوگیا مغرب آج بھی اتنا ہی وحشی ہے جتنا ڈارک ایجز میں تھا۔مسلم ممالک نے بھی بے حسی کی چادر اوڑھ رکھی ہے۔
مسلم ممالک غیرت کا مظاہرہ کرتے تو جو کچھ آج غزہ میں ہورہا ہے شاید ایسا نہ ہوتا۔ فلسطینیوں کے حقوق کے لیے حکومت سے بات کریں گے، جب وزیر اعظم سے بات ہوئی تب بھی غزہ میں قتل عام کی طرف ان کو توجہ دلائی تھی۔