پی آئی اے کا قبل از حج آپریشن کا اعلان

لاہور:قومی فضائی کمپنی کی جانب سے قبل از حج آپریشن کا اعلان کردیا گیا ہے جو 29 اپریل سے یکم جون تک جاری رہے گا۔اس دوران قومی ایئرلائن 280 خصوصی پروازوں کے ذریعے 56 ہزار سے زائد پاکستانی عازمین کو سعودی عرب پہنچائے گی۔

ذرائع کے مطابق رواں سال 20 ہزار عازمین سرکاری حج اسکیم کے تحت جب کہ 36 ہزار پرائیویٹ اسکیم کے تحت پی آئی اے کی پروازوں سے سفر کریں گے۔ عازمین کی روانگی کے لیے بوئنگ 777 اور ائربس 320 طیارے استعمال کیے جائیں گے تاکہ سفر کو زیادہ آرام دہ اور منظم بنایا جا سکے۔

پی آئی اے کا بعد از حج آپریشن 12 جون سے شروع ہوگا جو 10 جولائی تک جاری رہے گا، جس کے دوران واپس آنے والے عازمین حج کو وطن پہنچانے کے لیے فلائٹس کا مربوط نظام ترتیب دیا گیا ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ تمام پروازیں وقت پر اور محفوظ طریقے سے مکمل کرنے کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں اور عازمین حج کو کسی بھی زحمت سے بچانے کے پیش نظر ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی۔

ادھر پرائیویٹ حج اسکیم میں بکنگ کرانیوالے عازمین کے لئے اہم خبر آگئی ، سعودی عرب نے عازمین کی بکنگ سے انکار کردیا۔سعودی حکومت نے پرائیویٹ حج ٹور آپریٹرز کی طرف سے منیٰ کیلئے چارجز بروقت جمع نہ کرانے پر 77ہزار عازمین کی بکنگ سے انکار کردیا ہے۔

ترجمان حج آرگنائزرز نے بتایا کہ سعودی عرب کی جانب سے حج ایگریمنٹ کی مقررہ ٹائم لائن پوری دنیا کے لئے تھی، ٹائم لائن سے پاکستان کیساتھ دنیا بھر کے لاکھوں حجاج کرام متاثرہیں۔ہوپ پاکستان نے وزیر اعظم سے ملاقات کرکے تفصیل سے آگاہ کیاہے ۔

وفاقی وزیر مذہبی امور سردارمحمد یوسف مسلسل سعودی حکام سے رابطہ میں ہیں ، توقع ہے دو سے چار روز میں مسئلے کا حل نکال لیا جائے گا۔سیکریٹری مذہبی امور ڈاکٹرعطا الرحمان نے بریفنگ میں بتایا تھا کہ نجی حج آپریٹرز کی جانب سے معاہدے کی خلاف ورزی کی گئی۔

89 ہزار 801 کے کوٹے میں سے صرف 12ہزار 500 کی بکنگ کرائی گئی، نجی حج آپریٹرز کی وجہ سے77ہزار عازمین حج سے محروم رہ جائیں گے۔سعودی عرب نے معاہدے کی تاریخ میں توسیع سے انکار کر دیا جس کے لیے وفاقی وزیر مذہبی امور نے حج بکنگ کی ڈیڈلائن میں توسیع کی درخواست کی تھی۔

پرائیویٹ حج آپریٹرز، سعودی وزارت، پاکستان حج مشن کے درمیان 10 دسمبر کو معاہدہ ہوا تھا۔ حکومت نے ٹور آپریٹرزکو 10 جنوری سے رقم سعودی عرب منتقلی کی اجازت دی تھی، سعودی عرب نے عازمین کی سہولیات سے متعلق بکنگ ڈیڈلائن 14فروری رکھی تھی۔