لاہور:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے صوبائی وزیر محنت فیصل ایوب کھوکھر کی ملاقات ہوئی۔ملاقات کے دوران مریم نوازنے صوبائی وزیر محنت کو پنجاب میں دکانوں، ورکشاپوں اور چھوٹے اداروں میں کام کرنے والے ورکرز کی رجسٹریشن شروع کرنے کا حکم دے دیا۔
چھوٹے اداروں میں کام کرنے والے ورکرز کو لیبر ڈیپارٹمنٹ میں رجسٹریشن کے بعد گرانٹس اور دیگر مالی فوائد ملیں گے۔وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کم از کم اجرت کے فیصلے پر عملدآمد نہ کرنے والے اداروں کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم بھی دے دیا۔
مریم نواز شریف نے پنجاب بھر میں دکانوں، پیٹرول پمس اور فیکٹریوں میں کم از کم اجرت کی ادائیگی یقینی بنانے کی ہدایت کی اور صوبہ بھر میں لیبر رجسٹریشن بڑھانے کا حکم دے دیا۔پنجاب میں پہلی مرتبہ دکانوں، ورکشاپوں اور چھوٹے انڈسٹریل یونٹ میں کام کرنے والے ورکرز کی رجسٹریشن کی جائے گی۔
مریم نوازشریف نے انڈسٹریل یونٹس میں لیبر کے لئے ورکنگ کنڈیشن بہتر بنانے کا حکم دیا، انہوں نے ورکرز کو کام کے لیے صاف ستھرے اور صحت مند ماحول کے مواقع فراہم کرنے کی ہدایت کی۔وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے لیبر کے لئے راشن کارڈ پروگرام کا جامع پلان بھی طلب کر لیا۔
ادھروزیراعلیٰ مریم نوازشریف کی زیر قیادت حکومت پنجاب نے ایک اورسنگ میل عبور کر لیا۔ حکومت نے سہولت بازار میں خریداری پر عوام کو رمضان المبارک میں ایک ارب 11کروڑ روپے کی شاندار اور بے مثال بچت ہوئی۔
اوپن مارکیٹ کے تناسب سے وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کی زیر نگرانی قائم خصوصی سہولت بازار کے سٹال پرعوام کو 31فیصد ریلیف دیا گیا۔ سہولت بازاروں میں ڈی سی ریٹس کے تناسب سے 11کروڑ 70لاکھ روپے ریلیف عوام کو دیا گیا۔
رمضان المبارک کے دوران سہولت بازاروں میں 2ارب 46کروڑ 60لاکھ روپے کی خریداری ہوئی۔ عوام کورمضان المبارک میں مارکیٹ ریٹ پر خریداری کی صورت میں 3ارب 57کروڑ50لاکھ روپے ادا کرنے پڑتے تھے جبکہ ڈی سی ریٹس کے مطابق خریداری پر2ارب 58کروڑ30لاکھ روپے ادا کرنے پڑتے۔
رمضان المبارک میں سہولت فری ہوم ڈلیوری ایپ کے ذریعے 2کروڑ 80لاکھ روپے کی ریکارڈ خریداری ہوئی۔ 25اضلاع میں قائم 36ماڈل بازاروں میں فری ہوم ڈلیوری ایپ کے ذریعے تقریبا28ہزار آڈردیئے گئے۔
سہولت بازاروں میں 10کلو آٹا بیگ795روپے ڈی سی ریٹ832روپے اورمارکیٹ میں 897روپے،مارکیٹ میں چکن 940روپے کلو تک،ڈی سی ریٹ 585روپے جبکہ سہولت بازار میں 571روپے بیچا گیا۔
سہولت بازاروں میں سیب305روپے جبکہ ڈی سی ریٹ کے مطابق316روپے اورمارکیٹ میں 487روپے، مارکیٹ میں کیلا389درجن،ڈی سی ریٹ227روپے جبکہ سہولت بازار میں صرف 216روپے فروخت ہوئے ۔سہولت بازار میں انڈے269،ڈی سی ریٹ میں 276اورمارکیٹ میں 350روپے تک فروخت ہوئے۔
سہولت بازار میں کھجوریں446روپے فی کلو دستیاب تھیں جبکہ ڈی سی ریٹ پر 460روپے اوراوپن مارکیٹ میں 734روپے کلو فروخت کی گئیں۔ پنجاب ماڈل بازار مینجمنٹ کمپنی کے سی ای او نوید رفاقت نے وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کو بریفنگ دی، اس موقع پر چیئرمین افضل کھوکھر بھی موجودتھے۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ عوام کو اشیاء خورونوش اوراشیاء ضررویہ کم از کم نرخ پر مہیا کرنا چاہتے ہیں۔
رمضان المبارک میں اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے گزشتہ سالوں کی نسبت مہنگائی کی شرح بہت کم رہی۔وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ عوام کی خدمت اورمعاشی ریلیف ترجیحات میں اولین ہے۔