عالمی برادری اسرائیلی مظالم روکنے میں کردار ادا کرے، پاکستان

اسلام آباد : پاکستان نے غزہ میں اسرائیلی جارحیت اور معصوم فلسطینیوں پر وحشیانہ مظالم کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے جاری فوجی حملے، فلسطینی زمینوں پر ناجائز قبضہ اور مقدس مقامات کی بے حرمتی بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔ عالمی برادری مظالم روکنے میں کردار ادا کرے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے مقبوضہ فلسطینی علاقوں، خاص طور پر غزہ میں اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا اسرائیل کے وحشیانہ حملوں میں ہزاروں بےگناہ فلسطینی شہید ہو چکے، جن میں خواتین، بچے، طبی عملہ اور انسانی حقوق کے کارکن بھی شامل ہیں۔
اسرائیل کی جانب سے موراج کوریڈور پر غیر قانونی قبضہ اور مزید فلسطینی علاقوں کا الحاق عالمی قوانین کے منافی ہے۔بیان کے مطابق جبالیہ میں اقوامِ متحدہ کے زیر انتظام کلینک پر حملہ کیا گیا جہاں 700 سے زائد بےگناہ افراد نے پناہ لے رکھی تھی۔
ترجمان کا کہنا ہے یہ اقدام اسرائیل کی جانب سے انسانی حقوق اور بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے۔پاکستان نے عید الفطر پر مسجد اقصی کی بےحرمتی پر بھی شدید تشویش کا اظہار کیا ہے اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری اقدامات کرے۔