وزیراعظم کا کل قوم سے خطاب، بجلی قیمتوں میں نمایاں کمی کا اعلان متوقع

لاہور/اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے کل بجلی کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا اعلان متوقع ہے۔ رپورٹ کے مطابق وزیر اعظم شہبازشریف کل پاور سیکٹر کے اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کریں گے۔ وزیر اعظم اجلاس کے شرکاء سے اہم خطاب کریں گے، وزیر اعظم کی جانب سے بجلی کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا اعلان متوقع ہے۔

رپورٹ کے مطابق اجلاس کل دوپہر 2 بجے بوگا، اجلاس میں اہم وفاقی وزراء بھی شرکت کریں گے۔ وزارت اطلاعات و نشریات نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کل قوم سے خطاب کریں گے، وزیراعظم شہباز شریف خطاب میں حکومت کی جانب سے بڑے فیصلے کا اعلان کریں گے۔ وزارت اطلاعات و نشریات نے مزید کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کے خطاب میں قوم کو سرپرائز اور بڑی خوشخبری سنائی جائے گی۔

دریں اثناء وزیراعظم محمد شہباز شریف سے وزیر داخلہ محسن رضا نقوی نے ملاقات کی اور ملک کی سیکورٹی صورتحال کے حوالے سے کیے گئے اقدامات اور افغان باشندوں کی وطن واپسی سے متعلق آگاہ کیا۔

وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیر داخلہ نے وزیراعظم کو عید الفطر کے موقع پر مبارکباد پیش کی۔ملاقات کے دوران وزیر داخلہ نے وزیراعظم کو ملک میں سیکورٹی کے لیے اقدامات کی پیشرفت اور افغان باشندوں کی وطن واپسی کے عمل کی پیشرفت کے حوالے سے آگاہ کیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے بالخصوص عید الفطر کے موقع پر ملک میں امن و امان کی صورتحال پر اظہار اطمینان کیا، دونوں رہنماؤں کی ملاقات کے دوران متعلقہ وزارت کے امور پر گفتگو کی گئی۔

علاوہ ازیںوزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ بلوچستان کی ترقی کے لیے وفاقی حکومت ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔وزیراعظم نے اس بات کا اعادہ کیا کہ بلوچستان کی ترقی وفاقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور اس مقصد کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔

قبل ازیں وزیراعظم محمد شہباز شریف سے وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کی ملاقات ہوئی، وزیر اعلیٰ بلوچستان نے وزیراعظم کو عید الفطر کی مبارکباد دی۔ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے بلوچستان کی موجودہ اقتصادی، سماجی اور امن وامان کی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی جبکہ وفاقی حکومت کی جانب سے بلوچستان کے لیے جاری ترقیاتی منصوبوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے وزیراعظم کو صوبے کی ترقی کے حوالے سے موجودہ منصوبوں کی پیشرفت سے آگاہ کیاجبکہوزیرِاعظم شہباز شریف نے جاتی امراء میں مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف سے ملاقات کی، ملاقات میں ملکی موجودہ صورتحال اور اہم امور پر مشاورت کی گئی۔

دونوں رہنمائوں کا اہم سیاسی و قومی اہمیت کے امور پر تبادلہ خیال ہوا۔وزیراعظم شہباز شریف نے نواز شریف کو ملک کی موجودہ سیاسی و معاشی اور بلوچستان کی صورتحال سے آگاہ کیا اور اہم امور پر مشاورت کی۔

وزیراعظم نے ملاقات میں بلوچستان کے وزیر اعلی سے ہونیوالی تفصیلی گفتگو پر بھی بریفنگ دی۔اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے وزیراعظم کو ہدایت دی کہ بلوچستان میں ہر حال میں امن قائم کیا جائے، پنجاب بڑا بھائی ہے، بلوچستان کے بھائیوں کی ہر طرح کی مدد اور عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کریں۔