عید پر اللہ کی نعمتوں کو مہربانی اور سخاوت کے ساتھ بانٹیں، چیف جسٹس

اسلام آباد: چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا ہے کہ عید پر اللہ کی نعمتوں کو مہربانی اور سخاوت کے ساتھ بانٹیں۔

عید الفطر کی مناسبت سے اپنے پیغام میں چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کا کہنا تھا کہ عدلیہ، قانونی برادری اور پاکستان کے عوام کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں، عید کا مقدس تہوار رمضان کے مقدس مہینے کے اختتام کی طرف اشارہ کرتا ہے، عید کا مبارک دن ہمیں ہمدردی اور رواداری کی خوبیوں کی یاد دلاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم قانون کی حکمرانی کو برقرار رکھنے کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتے ہیں، اللہ کرے یہ عید ہماری قوم کیلئے امن، خوشحالی اور خوشیاں لائے، آئیے ہم اس موقع پر سب کو یاد کریں اور اللہ کی عطاء کردہ نعمتوں کو مہربانی اور سخاوت کے ساتھ بانٹیں۔

چیف جسٹس کا مزید کہنا تھا کہ ایسی سوچ ہمیں بھائی چارے، انصاف، دیانت اور انصاف کی بالادستی پر مبنی معاشرے کی ترغیب دیتی ہے۔