احمد الشرع نے شام میں نئی حکومت کی تشکیل کا اعلان کردیا

شام کے صدر احمد الشرع نے ہفتے کی شام نئی حکومت کی تشکیل کا اعلان کیا۔ انھوں نے باور کرایا کہ وہ “ایک طاقت ور اور مستحکم ریاست کی تعمیر ” کے لیے پُر عزم ہیں۔

عرب میڈیا کے مطابق نئی حکومت میں وزیر خارجہ اسعد الشیبانی اور وزیر دفاع مرہف ابو قصرہ نے اپنے قلم دان برقرار رکھے۔جنرل انٹیلی جنس کے سربراہ انس خطاب کو وزیر داخلہ مقرر کیا گیا ہے۔

عبدالرحمن الویس وزیر انصاف، محمد ابو الخیر شکری وزیر اوقاف، محمد عبدالرحمن وزیر تعلیم، محمد البشیر وزیر توانائی، ہند قبوات وزیر سماجی امور، محمد یشر برنیہ وزیر خزانہ، محمد نضال الشعار وزیر معیشت، مصعب العلی وزیر صحت اور مروان الحلبی وزیر برائے اعلیٰ تعلیم ہوں گے۔

ملک بھر میں آج عید الفطر مذہبی جوش و جذبے سے منائی جا رہی ہے

نئی حکومت کا اعلان کرتے ہوئے اپنے خطاب میں صدر احمد الشرع نے کہا کہ “ہم اس وقت اپنی تاریخ میں ایک نئے مرحلے کا جنم دیکھ رہے ہیں”۔انھوں نے مزید کہا کہ نئی حکومت ، تبدیلی اور تعمیر کی حکومت ثابت ہو گی۔

الشرع کے مطابق ہم اپنے اداروں میں بد عنوانی کو داخل ہونے کی اجازت نہیں دیں گے۔

شامی صدر نے باور کرایا کہ “ہم قومی فوج بنانے پر کام کریں گے جو ملک کی حفاظت کرے”۔

انھوں نے واضح کیا کہ “بجلی، تیل اور گیس کی وزارتوں کو وزارت توانائی میں ضم کر دیا گیا ہے”۔
شام میں نئے حکام سابق صدر بشار الاسد کی حکومت کے سقوط کے بعد ملک کو دوبارہ سے متحد کرنے اور اس کے اداروں کی تعمیر کے لیے کوشاں ہیں۔

یاد رہے کہ مسلح اپوزیشن گروپوں نے آٹھ دسمبر 2024ء کو بشار الاسد کا تختہ الٹ دیا تھا۔ جنوری میں عبوری صدر اعلان کیے جانے کے بعد احمد الشرع عبوری مرحلے کی انتطامیہ کے نگراں بن گئے۔ یہ مرحلہ 5 برس تک جاری رہے گا۔
عبوری مرحلے کے بعد نئے آئین کی بنیاد پر ملک میں انتخابات کا اجرا ہو گا۔