ملک بھر میں آج عید الفطر مذہبی جوش و جذبے سے منائی جا رہی ہے۔
عید الفطر کی مناسبت سے ملک بھر کی مساجد، عید گاہوں میں نماز کے چھوٹے بڑے اجتماعات ہوئے جس میں بڑی تعداد میں شہری شرکت کی۔
نماز عید کے روح پرور اجتماعات میں امت مسلمہ اور ملک اور قوم کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔
اسلام آباد کی فیصل مسجد، لاہور کی بادشاہی مسجد، کراچی کے پولو گراؤنڈ میں نماز عید کا مرکزی اجتماع ہوا۔جس میں اہم حکومتی اور دیگر سیاسی و سماجی شخصیات نے بھی شرکت کی۔
لاہور کے دوسرے علاقوں کی طرح باغ جناح میں بھی عید الفطر کی نماز ادا کی گئی، کراچی کی سبیل والی مسجد گرومندر میں بھی عید الفطر کی نماز ادا کر دی گئی۔
کراچی اور لاہور سمیت دیگر بڑے شہروں میں عید الفطر کی نماز کے بڑے اجتماعات کے پیش نظر پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری تعینات کی گئی تھی۔
نماز کی ادائیگی کے بعد لوگوں نے ایک دوسرے بغل گیر ہوکر مبارکباد دی۔
نماز عید کی ادائیگی کے بعد بیشتر شہریوں نے قبرستانوں کا رخ کیا، اپنے مرحومین کی قبروں پر فاتحہ خوانی کی۔
نماز عید کے بعد اب گھروں میں ناشے کے بعد میٹھے کا دور چلے گا اور پھر بچوں میں عیدی تقسیم کی جائے گی، گھروں پر مہمانوں کی آمد و رفت کا سلسلہ بھی وقفے وقفے سے جاری رہے گا۔
عید کی مناسبت سے گھروں میں خصوصی پکوان تیار کیے جائیں گے جبکہ ناشتے میں شہری کچوری، حلوہ پوری سے ناشتہ کریں گے۔
کراچی میں نماز عید کے بڑے اجتماعات نیومیمن مسجد بولٹن مارکیٹ، جامع مسجد آرام باغ، جناح مسجد برنس روڈ، گلزار حبیب سولجربازار، فیضان مدینہ سبزی منڈی، تھانوی مسجد جیکب لائن، مکرانی مسجد، کھتری مسجد، میمن مسجد مصلح الدین گارڈن، جامع مسجد امجدیہ عالمگیر روڈ، ایکسپو سینٹر، خالقدینا ہال، رحمانیہ مسجد طارق روڈ، مسجد بیت المکرم گلشن اقبال، جامعہ مسجد بنوری ٹاؤن، دارالعلوم کراچی، جامعی اسلامیہ کلفٹن، مسجد ابو بکر کلفٹن، سبیل والی مسجد سلطان مسجد ڈیفنس، مدنی مسجد عزیزآباد، فاروق اعظم مسجد نارتھ ناظم آباد، طوبی مسجد ڈیفنس، جامع مسجد کنزالایمان گرومندر، عالمگیر مسجد، جامع مسجد طیبہ، سفید مسجد،جامع مسجد رحمت اللہ والا ٹاؤن، جامع مسجد طیبہ پی ای سی ایچ ایس، رحمانیہ مسجد طارق روڈ، جامع مسجد مکرانی، جامع مسجد کھتری، کھتری مسجد، فاران مسجد سمیت دیگرمساجد اور امام بارگاہوں میں ہوں گے۔