ملک بھر میں عیدالفطر مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جا رہی ہے، اس مناسبت میں ملک بھر کے مختلف شہروں اور قصبوں میں نماز عید کے روح پرور اجتماعات منعقد ہوئے، اجتماعات میں امت مسلمہ، ملکی سلامتی اور امن کے لئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے زرداری ہاؤس نواب شاہ میں عید نماز ادا کی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے ماڈل ٹاؤن لاہور میں نماز عید ادا کی، حمزہ شہباز اور دیگر پارٹی رہنما بھی شریک ہوئے، صدر مسلم لیگ (ن) نواز شریف نے جاتی امراء میں نماز عید پڑھی، چیئرمین دنیا میڈیا گروپ میاں عامر محمود نے ماڈل ٹاؤن لاہور میں نماز عید ادا کی۔
چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے ملتان میں نماز عید پڑھی، سابق چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی نے عید الفطر کی نماز اپنے آبائی علاقہ نوکنڈی میں ادا کی، نماز کے بعد صادق سنجرانی نے لوگوں سے عید بھی ملی۔
چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری اور وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے گڑھی خدا بخش لاڑکانہ میں نماز عید ادا کی، بلاول بھٹو زرداری نماز عید کے بعد شہریوں سے عید ملے اور عید کی مبارک باد دی۔
بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ قائم علی شاہ، آغا سراج درانی، جمیل سومرو، سہیل انور سیال و دیگر نے نماز عید ادا کی۔ اپوزیشن لیڈر عمر ایوب خان نے نماز عید ہری پور میں اپنے آبائی گاؤں ریحانہ میں ادا کی۔
گورنر سندھ کامران ٹیسوری، وفاقی وزیر خالد مقبول صدیقی، فاروق ستار اور دیگر رہنماؤں نے گورنر ہاؤس کراچی میں نماز عید ادا کی جبکہ میئر کراچی مرتضیٰ وہاب، ڈپٹی میئر سلمان مراد، سابق میئر کراچی وسیم اختر، رکن قومی اسمبلی مرزا اختیار بیگ اور ارشد وہرا نے پولو گراؤنڈ کراچی میں نماز عید پڑھی۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپور نے عید کی نماز اپنے آبائی ضلع ڈی آئی خان میں ادا کی، ملک کی سلامتی اور خوشحالی، قومی یکجہتی اور امت مسلمہ کے اتحاد کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی نے وزیر اعلیٰ ہاؤس کوئٹہ میں نماز عید ادا کی۔
چودھری برادران نے نماز عید الفطر گجرات میں ادا کی، وفاقی وزیر چودھری سالک حسین نے نماز عید جامع مسجد عیدگاہ میں کارکنوں کے ہمراہ ادا کی جبکہ صوبائی وزیر صنعت و تجارت چودھری شافع حسین نے جامع مسجد شاہ ولایت میں نماز ادا پڑھی۔ وفاقی اور صوبائی وزراء نے نماز ادائیگی کے بعد چودھری ظہور الہٰی شہید کی قبر پر فاتحہ خوانی کی، چودھری سالک حسین اور چودھری شافع حسین نے بعدازاں ظہور پیلس میں کارکنوں سے عید ملی اور ملاقاتیں کیں۔