لاہور/اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما خواجہ احمد حسان سے ملاقات میں دہشت گردی کے خلاف حکومت کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فتنہ خوارج کا خاتمہ کریں گے۔
خواجہ حسان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات میں ملکی سیاسی اور معاشی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ مسلح افواج کے افسران اور جوانوں کی قربانیوں کو پوری قوم سلام عقیدت پیش کرتی ہے اور فتنہ خوارج کا خاتمہ کریں گے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی پالیسیوں سے ملکی معیشت میں استحکام آنا شروع ہو گیا ہے۔
دریں اثناء وزیراعظم شہباز شریف نے پوری قوم کو دل کی گہرائیوں سے عیدالفطر کی مبارکباددیتے ہوئے کہا کہ عید الفطر کا دن ہمیں خوشی،شکرگزاری،اخوت اور ہمدردی کا درس دیتا ہے۔انہوں نے کہا کہ آج پاکستان کو اندرونی اور بیرونی دشمنوں سے خطرات لاحق ہیں، ہمیں ہرقسم کی انتہاپسندی،نفرت اور فرقہ واریت سے بچنا ہوگا اور ملک کی سالمیت اور استحکام کیلئے متحد ہونا ہوگا۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ آج پاکستان کو اندرونی اور بیرونی دشمنوں سے خطرات لاحق ہیں، ہمیں متحد ہوکروطن عزیز کیخلاف سازشوں کو ناکام بنانا ہے، معیشت، معاشرت اور قومی یکجہتی کو مستحکم کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت ملکی معیشت کے استحکام کیلئے بھرپور کوشش کررہی ہے، ہمیں متحد ہوکر اپنے ملک کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرناہے اور متحد ہوکروطن عزیز کے خلاف سازشوں کو ناکام بنانا ہے۔
علاوہ ازیںوزیراعظم شہباز شریف نے امیر قطر، عمان،ترکیہ، تاجکستان اور مصر کے صدور سے الگ الگ ٹیلی فونک رابطے کیے اور انہیں عید الفطر کی مبارکباد دیتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور اور دورہ پاکستان کی دعوت دی جبکہ ان رابطوں کے دوران انہوں نے دوست برادر اسلامی ممالک کے ساتھ تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے اور سرمایہ کاری سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کی نئی راہیں تلاش کرنے کے اپنے مشن کو آگے بڑھایا۔
وزیراعظم شہبازشریف نے مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی سے گفتگو میں مصری قیادت، حکومت اور عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور امن و ترقی کے لیے دعا کی۔مصری صدر نے بھی وزیرِ اعظم کو عید الفطر کی مبارکباد دی اور پاکستانی عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ عید کے بعد مصر کی وزارت صحت کا اعلی سطح وفد پاکستان کا دورہ کرے گا۔وزیراعظم شہبازشریف نے قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمدالثانی سے ٹیلیفون پر گفتگو کرتے ہوئے انہیں عیدالفطر کے پرمسرت موقع پر دلی مبارکباد پیش کی، دونوں رہنمائوں نے سیاسی، اقتصادی اور ثقافتی سمیت تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔
وزیرِاعظم نے پاکستان قطر کے مابین دیرینہ تعلقات کی تاریخ پر لاہور میں ایک نمائش کے انعقاد کی تجویز دی جس کا امیر قطر نے خیر مقدم کیا، شہباز شریف نے قطر کے امیر کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی۔عمان کے سلطان ہیثم بن طارق سے بات چیت میں شہباز شریف نے دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، آئی ٹی اور دفاع سمیت دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے کی خواہش ظاہر کی اور سلطان کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی۔
سلطان ہیثم نے پاکستانی عوام کے لیے نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔اسی طرح تاجکستان کے صدر امام علی رحمان سے رابطے کے دوران وزیراعظم نے تاجک عوام کی سلامتی، خوشحالی اور ترقی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
دونوں رہنمائوں نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے آئندہ کے لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کیا۔شہباز شریف نے کرغز-تاجک سرحد کی حد بندی سے متعلق حالیہ معاہدے پر صدر تاجکستان کو مبارکباد دی اور انہیں بھی پاکستان کے دورے کی دعوت دی۔
وزیراعظم نے ان رابطوں کے ذریعے تینوں رہنمائوں کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے اور سرمایہ کاری سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا جس سے پاکستان کے سفارتی اور معاشی اہداف کو تقویت ملنے کی توقع ہے۔
وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے جمہوریہ ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان سے ٹیلی فون پر بات چیت کی اور عید الفطر کے پرمسرت موقع پر ان کے ساتھ ساتھ ترکیہ کے برادر عوام کومبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
اس سال فروری میں صدر اردوان کے پاکستان کے تاریخی دورے کو یاد کرتے ہوئے وزیراعظم نے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات میں مثبت رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے اسلام آباد میں ترکیہ-پاکستان اعلیٰ سطحی تزویراتی تعاون کونسل کے ساتویں اجلاس کے دوران دونوں فریقین کی طرف سے کئے گئے اہم فیصلوں پر بروقت عمل درآمد کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
دونوں ممالک کے درمیان گہرے تاریخی تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ یہ بڑے فخر کی بات ہے کہ دونوں ممالک ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں اور دونوں ہی ممالک نے بنیادی مفاد کے مسائل پر ایک دوسرے کا ساتھ دیا۔
دونوں رہنمائوں نے علاقائی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔صدر اردوان نے عید الفطر پر نیک خواہشات پر وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا اور پاکستانی عوام کے لیے انہی جذبات کا اظہار کیا۔ انہوں نے تمام اہم امور پر پاکستان کے لیے ترکیہ کی مستقل حمایت کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم محمد شہبازشریف نے ازبکستان کے صدر شوکت مرزیوف سے ٹیلی فونک رابطہ کیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے ازبک صدر اور ازبکستان کے عوام کو عید کی مبارکباد دی، دونوں ممالک کے عوام کی امن و خوشحالی کے لیے دعا کی۔
ازبک صدر شوکت مرزیوف نے وزیر اعظم اور پاکستانی عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا، انہوں نے صدر آصف علی زرداری اور سابق وزیراعظم پاکستان محمد نواز شریف کو بھی عید کی مبارکباد دی۔دونوں رہنمائوں نے فروری میں وزیر اعظم کے کامیاب دورہ ازبکستان کے بعد دو طرفہ تعلقات کی مثبت رفتار پر اپنے اطمینان کا اظہار کیا۔
فریقین نے متعدد شعبوں میں پاکستان-ازبکستان تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے لیے دورے کے دوران کیے گئے اہم فیصلوں پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے قریبی رابطے میں رہنے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔اہم شعبوں میں دو طرفہ تعاون میں پیش رفت کے حوالے سے دونوں فریقوں کی جانب سے باہمی طور پر شناخت کیے گئے اہداف کا ایک “روڈ میپ” وضع کیا گیا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ چیئرمین سینیٹ کا آئندہ دورہ ازبکستان ہمارے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں بھی مفید ثابت ہوگا۔شہباز شریف نے ازبک صدر شوکت مرزیوف کو جلد ہی پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کے لیے اپنی دعوت کا اعادہ کیا۔