سرینگر، جھڑپ میں 4 بھارتی فوجی ہلاک،3کشمیری شہید

سرینگر:مقبوضہ جموں و کشمیر کے ضلع کاٹھوا میںایک جھڑپ کے دوران قابض بھارتی فوج کے4اہلکار ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق بھارتی سیکورٹی ذرائع نے بتایا کہ کاٹھوا میں جھڑپ کے دوران 4 اہلکاروں کی ہلاکت کے علاوہ پولیس کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ سمیت 5 سیکورٹی اہلکار زخمی ہوگئے ہیں، جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ بھارت کی فوج، نیشنل سیکورٹی گارڈ، بارڈر سیکیورٹی فورس، پولیس، اسپیشل آپریشنز اور سینٹرل ریزرو پولیس فورس گزشتہ 5 روز سے مذکورہ علاقوں میں تلاشی کر رہی ہے۔

کشمیر میڈیاسروس کے مطابق فوجیوں نے 3نوجوانوں کو ضلع میں راجباغ کے علاقے گھاٹی جوتھانہ کے گائوں جاکھول میں محاصرے اور تلاشی کی پرتشدد کارروائی کے دوران شہید کیا۔

علاقے میں بھارتی فوج راشٹریہ رائفلز، سینٹرل ریزرو پولیس فورس، بارڈر سکیورٹی فورس اور اسپیشل آپریشن گروپ کے اہلکار اتوار کے روز سے محاصرے اور تلاشی کی پر تشدد کارروائی جاری رکھے ہوئے ہیں ۔اطلاعات کے مطابق بھارتی فورسز نے نوجوانوں کو ایک جعلی مقابلے میں عسکریت پسند قراردیکر شہید کیا ۔