کوئٹہ/راولپنڈی:ضلع قلات کے علاقے ریج میں دو بسوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق ، 20 سے زائد افراد زخمی ہوگئے ۔حادثہ اس وقت پیش آیا جب دونوں بسیں تیز رفتاری کے باعث آپس میں ٹکرا گئیں۔ زخمیوں کو فوری طور پر ڈی ایچ کیو قلات منتقل کیا گیا۔
ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے، جہاں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔لیویز ذرائع کے مطابق حادثے کی وجوہات کا پتہ چلانے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔ادھرموٹروے ایم ٹو پر کلر کہار کے قریب ایک مسافر بس حادثے کا شکار ہو کر الٹ گئی، جس کے نتیجے میں پانچ افراد جاں بحق اور17 افراد زخمی ہوگئے ہیں،زخمیوں میں سے چار کی حالت تشویشناک ہے۔
حکام کے مطابق، راولپنڈی سے وہاڑی جانے والی مسافر بس جس میں 30 سے زائد مسافر سوار تھے، کلر کہار پہنچنے پر ڈرائیور کے بے قابو ہونے سے بس الٹ گئی۔حادثے کے بعد ریسکیو 1122 اور موٹروے پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچے اور امدادی کارروائیاں شروع کیں۔بس میں پھنسے زخمیوں کو نکال کر ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی اور انہیں قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
جاں بحق ہونے والے پانچ مسافروں کی لاشوں کو ٹراما سینٹر کلر کہار منتقل کر دیا گیا۔ حکام کے مطابق زخمیوں میں سے چار افراد کی حالت تشویشناک ہے۔موٹروے پولیس نے تمام احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے حادثے کے مقام کو محفوظ کر لیا ہے۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق حادثہ ڈرائیور کی غفلت اور لاپرواہی کے باعث پیش آیا ہے، تاہم حتمی وجہ کا تعین کرنے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔