اسلامی نظریاتی کونسل فلاحی ریاست کیلئے رہنمائی کرے،ہم پیچھے چلیں گے،وزیر اعظم

اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ انتہا پسندی ، نفرت اور تقسیم کے رویے اسلامی تعلیمات اور سوچ کے منافی ہیں، اسلامی نظریاتی کونسل اورعلماءکرام نوجوان نسل کو منفی رویوں اورجھوٹے پروپیگنڈہ کی یلغار سے تحفظ فراہم کرنے میں اپنا کلیدی کردار ا دا کریں۔ملک کو اسلامی فلاحی ریاست بنانے کیلئے اسلامی نظریاتی کونسل قائدانہ کردار ادا کرے ہم سب اس کے پیچھے چلیں گے۔

اسلامی نظریاتی کونسل کی گولڈن جوبلی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ بابائے قوم اور مفکر پاکستان کے پاکیزہ خوابوں کو عملی جامہ پہنانے کےلئے 1973 کے آئین کے تحت اسلامی نظریاتی کونسل کا قیام عمل میں لایا گیا اور خوشی ہے کہ یہ ادارہ انہی مقاصد کی تکمیل کےلئے شبانہ روز کوشاں ہے، االلہ ان کی کاوشیں قبول فرمائے اوراس محنت کے صدقے پاکستا ن کو ایسا ملک بنائے جس کا خواب ہمارے بزرگوں نے دیکھا تھا۔

وزیراعظم نے کہا کہ چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل نے ہمیں بتایا کہ کس طریقے سے جنگجو تحریکوں نے طاقت کے زور پر من مانی کی کوششیں کیں اور اسلامی نظریاتی کونسل نے کس طرح ان کے خلاف مضبوط بند باندھا، یہ بڑی خدمت ہے جسے پاکستان کے عوام ہمیشہ یاد رکھیں گے۔کونسل کے کریڈٹ پر اسلامی بینکاری کے کامیاب نظام متعارف کرانے کا کارنامہ ہے جوکوئی چھوٹا کارنامہ نہیں ، اس سے دنیا میں کئی اسلامی ممالک میں اسلامی بینکاری کا نظام پروان چڑھا اور اب غیرمسلم ممالک میں بھی اس پر بڑا کام ہورہا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ اسلام نظریاتی کونسل کے ارکان فرقہ واریت سے پاک اورقوم کے اندروحدت اور اتحاد میں حائل رخنے دور کرنے کےلئے مل کر کام کررہے ہیں ، یہ ایسی قومی خدمت ہے جس کا نہیں دنیا اورآخرت میں صلہ ملے گا۔