چارسدہ:پختونخوا اور بلوچستان کے حالات،اے این پی کا عید الفطر سادگی سے منانے کا اعلان
عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر سینیٹر ایمل ولی خان نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا اور بلوچستان کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر عوامی نیشنل پارٹی نے اس سال عید الفطر سادگی سے منانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اپنے جاری کردہ بیان میں ایمل ولی خان نے کہا کہ خطے میں جاری بدامنی، مشکلات اور عوامی مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے اے این پی کے تمام کارکنان اور ذمہ داران کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ عید کے موقع پر ہجوم والی جگہوں پر جانے سے گریز کریں اور غیر ضروری سرگرمیوں سے اجتناب کریں۔
انہوں نے کارکنان کو تاکید کی کہ عید کے موقع پر اپنے اردگرد موجود نادار اور مستحق افراد کا خصوصی خیال رکھیں اور اپنی استطاعت کے مطابق ان کے ساتھ خوشیاں بانٹ کر ان کی عید کو بھی عید بنائیں۔ ایمل ولی خان نے کہا کہ موجودہ حالات کا تقاضا ہے کہ ہم سادگی کو ترجیح دیں اور ضرورت مندوں کی مدد کرکے حقیقی خوشی حاصل کریں۔
عوامی نیشنل پارٹی ہمیشہ انسانی ہمدردی اور مساوات کے اصولوں پر کاربند رہی ہے اور اسی جذبے کے تحت پارٹی کارکنان اس عید پر بھی خدمت اور یکجہتی کے مظاہرے کو یقینی بنائیں گے۔