کراچی: کراچی میں بڑھتے ٹریفک حادثات اور اس میں ہونے والی ہلاکتوں میں تیز اضافے پر گورنر سندھ نے چیف جسٹس آف پاکستان سے مدد لینے کا فیصلہ کرلیاجبکہ کراچی میں ٹریفک حادثات کی روک تھام کے لیے سیاسی مذہبی جماعتوں سول سوسائٹی سے بھی رابطے شروع کردیئے۔
کامران ٹیسوری جلد ہی چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی کو خط لکھیں گے۔گورنر سندھ اپنے خط میں چیف جسٹس آف پاکستان سے اپیل کریں گے کہ ان کے خط کو آئینی پٹیشن میں تبدیل کیا جائے اور شہر قائد میں ٹریفک حادثات کے واقعات پر عدالت عظمی کا لارجر بینچ تشکیل دیا جائے جو کراچی رجسٹری میں اس کیس کی سماعت کرے اور کراچی ٹریفک حادثات میں انسانی جانوں کی اموات کی روک تھام کے لیے موثر فیصلہ جاری کرے جبکہ گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کراچی میں ٹریفک حادثات کی روک تھام کے لیے سیاسی مذہبی جماعتوں سول سوسائٹی سے بھی رابطے شروع کردیے ہیں ۔
انہوں نے بتایا کہ عید الفطر کے بعد گورنر ہاس میں آل پارٹیز کانفرنس منعقد ہوگی، جس میں پیپلز پارٹی، ایم کیو ایم پاکستان،جماعت اسلامی،جے یوآئی، عوامی نیشنل پارٹی، تحریک انصاف، مہاجر قومی موومنٹ سمیت دیگرسیاسی و مذہبی جماعتوں،سول سوسائٹی، ٹرانسپورٹرز اور تمام اسٹیک ہولڈرز کو مدعو کیا جائے گا۔
گورنر سندھ نے کہاکہ ان کی مشاورت سے کراچی میں ٹریفک حادثات کی روک تھام کے لیے مثر حکمت عملی وضع کی جائے گی۔اس حوالے وہ وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ سے بھی رابطہ کریں گے۔گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے مزید بتایا کہ کراچی میں ٹریفک حادثات کی روک تھام کے لیے مثر قانون سازی کے لیے ایم کیوایم پاکستان قومی اور سندھ اسمبلیوں میں قرار دادیں بھی جمع کرائے گی۔اس معاملے کو پارلیمان میں بھی اٹھایا جائے گا۔کامران ٹیسوری نے کہا کہ وہ اس معاملے پر وزیراعظم شہباز شریف سے بھی بات کریں گے۔ان رابطوں کا مقصد کراچی کے باسیوں کی زندگی کو محفوظ بنانا ہے۔

