راولپنڈی:عدالت کو یقین دہانی کرانے کے باوجود پی ٹی آئی رہنماں کی اڈیالہ جیل کے باہر پریس کانفرنس
تحریک انصاف کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ جیل سپرنٹنڈنٹ نے ہماری بانی سے ملاقات نہیں ہونے دی، آج بانی سے ملاقات نہ کرانے پر ہماری نہیں عدلیہ کی توہین ہوئی۔اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما عمرایوب، شبلی فراز،راجہ ناصر عباس، صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ فارم 47 والی حکومت کا فوکس صرف تحریک انصاف کو دبانا ہے، عدالتی احکامات کے باوجود بانی سے ملاقات نہیں کرائی گئی، عدلیہ کی ساکھ کو بچانا ججز کا کام ہے۔
عمر ایوب نے کہا کہ عدالت کا آرڈر تھا کہ جیل کے باہر سیاسی بات نہیں کرنی، آج ہماری ملاقات نہیں ہوئی اس لیے باہر سیاسی باتیں کر رہے ہیں۔پی ٹی آئی رہنما جنید اکبر نے کہا کہ بدقسمتی سے عدالتی احکامات کو نہیں مانا جا رہا، اس طرح نفرتیں مزید بڑھیں گی، بانی کے ساتھ پہلے اور آج بھی کھڑے ہیں، یہ رویہ اداروں اور وفاق کے لیے انتہائی خطرناک ہے۔
اس موقع پر صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ لارجر بینچ کے تینوں ججز کو فیصلے کی بے توقیری پر مبارکباد پیش کرتا ہوں، ہم توہین عدالت فائل کریں گے، ہائی کورٹ کے لارجر بینچ سے جیل میں بیٹھے لوگ زیادہ طاقت ورہیں۔

