پنجاب کے بازاروں میں ویمن پولیس اسکواڈ کا گشت

لاہور:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے خواتین،بچوں اورکمزور طبقات کیلئے قابل تحسین اور منفرد اقدام اٹھایا ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کی ہدایت پر صوبہ بھر کے نمایاںبازاروں میں خواتین کے تحفظ کے لئے” ویمن پولیس اسکواڈ ”قائم کر دیے گئے اورصوبے بھر میں گشت شروع کر دیا گیا۔

وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کے حکم پربازاروں میں رش کے اوقات میں خواتین اوربچوں کے تحفظ کیلئے خصوصی” ویمن پولیس اسکواڈ” گشت کریں گی۔ ویمن پولیس اسکواڈ کی پیدل، سائیکل اورموٹر سائیکل سوار ٹیمیں بازاروں اورمارکیٹوں میں گشت کریں گی۔

ویمن پولیس اسکواڈبازاروں اورمارکیٹوں میں شاپنگ کیلئے آنے والی خواتین کو ہراساں کرنے کے واقعات کی روک تھام کرے گا۔ویمن پولیس اسکواڈ بازاروں میں سماج دشمن عناصر کی سرگرمیوں کی نگرانی کرے گا۔

ویمن پولیس اسکواڈ شاپنگ کیلئے آنے والی خواتین،بچیوں کو پریشان کرنے کے واقعات کا سدباب بھی کرے گا۔لاہور، راولپنڈی ، سیالکوٹ، فیصل آباد ، گوجرانوالہ، چینیوٹ، بورے والا ، وہاڑی، خانیوال اور دیگر شہروں میں ویمن پولیس ا سکواڈ کا بڑے تجارتی مراکز میں گشت شروع ہوگیا۔

لاہور کے ڈی ایچ اے رایا، وائی لاگ ،اچھرہ،ا نار کلی اور لبرٹی مارکیٹ میں سائیکل اسکواڈ پٹرولنگ کر رہا ہے۔ کوئیک رسپانس سائیکل کے ساتھ ڈولفن بائی اسکواڈ اور پی آر یو بھی موجود ہوگا۔ لاہور بھر میں 4ہزارسے زائد پولیس اہلکار اسپیشل اسکواڈ ڈیوٹی پر مامور ہوگا۔

ڈولفن پولیس کا فرینڈلی یونٹ افطار سے مارکٹیں بند ہونے تک گشت کرے گا۔ بائی سائیکل پر مشتمل ڈولفن فورس اسکواڈمعروف گلیوں،معروف بازاروں،مارکیٹوں اورگنجان علاقوں میں گشت کرے گا۔

ادھروزیر اعلیٰ پنجاب کے اسپتالوں کے دورے کام کرگئے۔ محکمہ صحت نے سرکاری اسپتالوں میں ادویات کی ڈیجیٹل فہرستیں جاری کرنے کا حکم دے دیا۔محکمہ اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر پنجاب نے سرکاری اسپتالوں میں غریب مریضوں کے لیے بہترین طبی سہولتیں فراہم کرنے کے لیے اہم اقدامات کا آغاز کیا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایات کے تحت تمام سرکاری اسپتالوں میں ادویات کی فہرستیں،آئی سی یو میں سرجیکل و ڈسپوزیبل سامان کی فراہمی کو ممکن بنایا جائے گا۔محکمہ اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر نے سرکاری اسپتالوں میں جدید سہولتوں اور انتظامات کے حوالے سے مراسلہ جاری کیا ہے۔

جاری مراسلہ کے مطابق ہر سرکاری اسپتال میں ادویات کی ڈیجیٹل اور مینوئل فہرستیں آویزاں کی جائیں گی تاکہ مریضوں کو دوا کی دستیابی کے حوالے سے معلومات فراہم کی جا سکیں۔