کے پی میں دہشت گرد حملے،2پولیس اہلکار شہید

پشاور/وانا:جنوبی وزیرستان اور لکی مروت میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 2 پولیس اہلکار شہید جبکہ ایک اہلکار زخمی ہوگیا، ٹانک میں پولیس چوکی پر دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنا دیا گیا ، پولیس کی بھرپور جوابی فائرنگ سے حملہ آور فرار ہوگئے جبکہ ہنگو میں سیکورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ کے تباد لے میں کالعدم ٹی ٹی پی کا کمانڈر ہلاک ہوگیا ۔

جنوبی وزیرستان کے علاقہ اعظم ورسک میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے پولیس اہلکار عمران شہید ہوگیا۔پولیس کے مطابق کانسٹیبل عمران ڈیوٹی سے گھر جارہا تھا، واقعے کے بعد پولیس کی جانب سے ملزمان کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔

ادھر لکی مروت میں تھانہ سٹی کی حدود میرعالم منجیوالہ میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے پولیس ہیڈ کانسٹیبل احسان اللہ کو شہید جبکہ کانسٹیبل رفیع اللہ کو زخمی کر دیا۔ پولیس ترجمان کے مطابق زخمی پولیس اہلکاروں کو تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال سرائے نورنگ منتقل کیا گیا تاہم ہیڈ کانسٹیبل احسان اللہ نے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ دیا۔

زخمی پولیس اہلکار رفیع اللہ کو اسپتال میں طبی امداد دی جارہی ہے، واقعے کے بعد پولیس کی نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا۔ دوسری جانب ٹانک میں ڈیورنڈ گیٹ کے قریب پولیس چوکی پر دہشتگردوں نے حملہ کیا، پولیس کی جوابی فائرنگ سے حملہ آور فرار ہوگئے۔

ہنگو میں سیکورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں کالعدم ٹی ٹی پی کمانڈر سعید ہلاک ہوگیا۔اس کے علاوہ ڈی آئی خان رتہ کلاچی میں پولیس اور سی ٹی ڈی کی کارروائی میں ایک حملہ آور ہلاک ہوگیا ۔

پولیس کے مطابق مشکوک افراد کی اطلاع پر پولیس اور سی ٹی ڈی پولیس نے چھاپہ مارا تھا، پولیس کو دیکھتے ہی مشکوک افراد نے فائرنگ شروع کر دی۔ڈی پی او ڈیرہ اسماعیل خان سجاد احمد کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں ایک مبینہ حملہ آور ہلاک ہوگیا ہے۔کرک میں بہادر خیل کے پہاڑی سلسلے میں پولیس اور سی ٹی ڈی نے کارروائی کرتے ہوئے دہشتگردوں کی پناہ گاہوں کو تباہ کردیا۔