ایک کروڑ نوکریوں کا جھانسہ دینے والے روزگار چھیننے پر آگئے،عظمیٰ بخاری

لاہور : وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ کے پی حکومت نے مرکز بحالی پروجیکٹ کے 182ملازمین کو ایک ہی دن میں نوکری سے فارغ کردیا ہے،ایک کروڑ نوکریوں کا جھانسہ دینے والے لوگوں کا روزگار چھیننے پر آگئے ہیں۔

انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ کے پی حکومت کے محکمہ اطلاعات سے کروڑ روپے سوشل میڈیا برگیڈ کو دیئے جاتے ہیں،یہی سوشل میڈیا برگیڈ دن رات پاکستان اور قومی سلامتی کے اداروں کیخلاف پروپیگنڈے کرتا ہے۔

کے پی حکومت کے پاس سرکاری وسائل اور پیسہ احتجاج،جلسے اور مارچ پر خرچ کرنے کیلئے ہر وقت دستیاب ہے،سرکاری ملازمین کی تنخواہیں ادا کرنے کیلئے گنڈاپور کے پاس فنڈز نہیں ہوتے،وفاق سے ملنے والا این ایف سی ایوارڈ کا حصہ برابر وصول کرتے ہیں۔

کے پی میں بلدیاتی نمائندے دو سال سے فنڈز نہ ملنے پر سڑکوں پر ہیں،تعلیمی ادارے کے ملازمین الگ سے احتجاج کرتے ہیں۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پنجاب میں مریم نواز نے صرف ستھرا پنجاب منصوبے میں ایک لاکھ سے زائد افراد کو نوکریاں دی ہیں،پنجاب کے درجنوں نئے منصوبوں میں ابتک لاکھوں نئی نوکریاں پیدا ہوئی ہیں ۔

مریم نواز عوام کی خدمت میں مصروف ہیں، مخالفین عوام کے منہ سے روٹی کا نولہ چھیننے میں مصروف ہیں ۔