لندن:بجلی کی بندش سے گزشتہ روز بند ہونے والے برطانوی دارالحکومت لندن کے مصروف ترین ہیتھرو ایئر پورٹ کو باضابطہ مکمل طور پر کھول دیا گیا ہے جس کے بعد پروازوں کی آمد و رفت کا سلسلہ بحال ہو گیا۔
غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق برطانوی ایئر پورٹ کو بجلی فراہم کرنے والے سب اسٹیشن میں آگ لگنے سے گزشتہ روز تقریباً 1400پروازیں متاثر ہوئی تھیں۔رپورٹس کے مطابق ایئر پورٹ کی بندش کے تقریبا ً24گھنٹے کے بعد ہفتے کی صبح 6بجے لزبن کے لیے پرواز روانہ ہوئی۔
ایئر پورٹ کے مکمل آپریشنل ہونے کے باوجود آج پروازیں تاخیر سے روانہ ہونے کی توقع ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ہیتھرو ایئر پورٹ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مختلف ٹرمینلز پر اضافی اسٹاف موجود ہے کیونکہ اضافی 10ہزار مسافروں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے آج کے شیڈول میں 50سلاٹس کا اضافہ کیا گیا ہے۔
ایئر پورٹ انتظامیہ نے مسافروں کو مشورہ دیا ہے کہ ایئر پورٹ آنے سے قبل پرواز کا وقت چیک کر لیں۔
رپورٹس کے مطابق ایئر پورٹ کے مکمل آپریشنل ہونے کے باوجود آج صبح ہیتھرو ایئر پورٹ آنے والی پہلی 20 پروازوں میں سے 9 کو منسوخ کر دیا گیا ہے۔
ایئر لائنز کے مطابق دنیا کے مختلف ایئر پورٹس پر پھنسے مسافروں کو واپس لانا ترجیح ہے۔
اس سے قبل ہیتھرو ایئر پورٹ کے چیف ایگزیکٹیو نے پروازوں میں تاخیر اور منسوخی کے سبب مسافروں سے معافی مانگی مگر واقعے کی ذمے داری لینے سے انکار کر دیا۔
ان کا کہنا ہے کہ سب اسٹیشن میں آگ لگنے کے سبب بجلی بند ہوئی اور ایئر پورٹ کا بیک اپ ٹرانسفارمر بھی بوجھ برداشت کرنے میں ناکام رہا ہے جس کی وجہ سے گزشتہ روز ایئر پورٹ بند رہا۔