کراچی:پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار کا ریکارڈ ساز دن رہا اور 100 انڈیکس نئی بلند ترین سطح پر پہنچا۔کاروبا ر کے دوران 100انڈیکس پہلی بار 1لاکھ 19ہزار پوائنٹس عبور کرتے ہوئے ایک لاکھ 19ہزار 421پوائنٹس کی بلند ترین سطح تک پہنچا۔
کاروبار کے اختتام پر 100 انڈیکس مجموعی طور پر 795 پوائنٹس اضافے سے پہلی بار ایک لاکھ 18 ہزار 769 پوائنٹس پر بند ہوا ہے۔حصص بازار میں آج 66 کروڑ شیئرز کے سودے 38 ارب روپے میں طے ہوئے جبکہ مارکیٹ کیپٹلائزیشن 75 ارب روپے اضافے سے 14 ہزار 430 ارب روپے ہے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے تاریخ میں پہلی بار ایک لاکھ 19 ہزار پوائنٹس کی حد عبور کرنے پر اظہار اطمینان کیا ہے ۔وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار کی مثبت سمت حکومت کی معاشی پالیسیوں پر تاجروں اور سرمایہ کاروں کے بڑھتے ہوئے اعتماد کا اظہار ہے ۔
بہتر ہوتے معاشی اعشاریے اور کاروباری ماحول پچھلے ایک سال کے دوران حکومت کی معاشی پالیسیوں کی وجہ سے ممکن ہوا ۔ شہبازشریف نے کہاکہ حکومت ملک میں کاروبار اور سرمایہ کاری کے لئے مثبت ماحول کی فراہمی کے حوالے سے ترجیحی بنیادوں پر تمام تر سہولیات فراہم کر رہی ہے ۔
ادھراسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کردہ زرمبادلہ ذخائر کے ہفتہ وار اعدادوشمار کے مطابق 14کو ختم ہونیو الے ہفتے پر زرمبادلہ کے سرکاری ذخائر میں 4 کروڑ 90 لاکھ ڈالر کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔اضافے کے بعد زرمبادلہ کے سرکاری ذخائر کی مالیت 11 ارب 14 کروڑ 68 لاکھ ڈالر کی سطح پر آگئی۔ زرمبادلہ کے مجموعی ذخائر کی مالیت 16 ارب ایک کروڑ 58 لاکھ ڈالر ریکارڈ کی گئی، جبکہ کمرشل بینکوں کے پاس 4 ارب86 کروڑ 90 لاکھ ڈالر کے ذخائر موجود ہیں۔
دوسری جانب سونے کی قیمت میں اضافہ بدستور جاری ہے اور مسلسل چوتھے روز سونے کی قیمت نے نیا ریکارڈ بنایا ہے۔آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق ملک میں سونے کی فی تولہ قیمت میں 1800 روپے کا اضافہ ہوا ہے جس کے بعد سونے کی فی تولہ قیمت 3 لاکھ 20 ہزار 800 روپے کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی ہے۔
ایسو سی ایشن کے مطابق 10 گرام سونے کی قیمت 1543 روپے اضافے کے ساتھ 2 لاکھ 75 ہزار 34 روپے ہوگئی ہے۔دوسری جانب عالمی بازار میں بھی سونے کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے جہاں سونے کا بھاؤ 12 ڈالر اضافے کے ساتھ 3050 ڈالر فی اونس ہوگیا ہے۔