اسلام آباد : پاکستانی حکام اور عالمی مالیاتی ادارہ (آئی ایم ایف) کے درمیان اسلام آباد میں جاری مذاکرات کامیاب ہوگئے ہیں اور اس کے تحت پاکستان کو دو ارب ڈالر ملیں گے۔
ذرائع نے بتایا کہ آئی ایم ایف سے مذاکرات کامیاب ہوگئے ہیں اور اب دو ارب ڈالر ملیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ معاشی اور اقتصادی بحالی پر آئی ایم ایف مطمئن ہے اور حکومت کو گرین سگنل دے دیا ہے۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ پاکستان کو ایک ارب ڈالر قسط اور ایک ارب ڈالر کلائمیٹ فنانسنگ کی مد میں ملیں گے۔
آئی ایم ایف کی جانب سے پاکستان کی معاشی کارکردگی پر اطمینان کے اظہار کے بعد منی بجٹ کے خدشات ختم ہوگئے ۔آئی ایم ایف نے ریٹیل اور رئیل اسٹیٹ سمیت کئی شعبوں کو ٹیکس نیٹ میں لانے پر زور دیا ہے جبکہ رواں مالی سال معاشی حکمت عملی میں ضروری ترامیم پر بھی اتفاق ہوگیا ہے جبکہ آئی ایم ایف نے امیر طبقات پر ٹیکس چھوٹ ختم کرنے اور بڑے جاگیر داروں سے زرعی انکم ٹیکس وصولی کا مطالبہ کیا ہے۔
