منفی پروپیگنڈا، عمر ایوب جے آئی ٹی میں پیش، علیمہ خان دوبارہ طلب

اسلام آباد : سوشل میڈیا پر منفی پروپیگنڈا کے معاملے میں عمر ایوب جے آئی ٹی میں پیش ہو گئے جب کہ علیمہ خان کو غیر حاضر ہونے کے بعد ایک بار پھر جے آئی ٹی نے طلب کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق جے آئی ٹی نے سوشل میڈیا پر منفی پروپیگنڈا کے معاملے پر بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی بہن علیمہ خان کو ایک بار پھر طلب کرلیا ہے۔ جے آئی ٹی نے علیمہ خان کو 14 مارچ 2025ءکو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کی ہدایت کی ہے۔
قبل ازیں 12 مارچ کو طلبی پر علیمہ خان جے آئی ٹی کے سامنے پیش نہیں ہوئی تھیں۔ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب آئی جی اسلام آباد کی سربراہی میں ہونے والی جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہو گئے، جہاں ان سے سوشل میڈیا پوسٹ سے متعلق سوال جواب کیے گئے ہیں۔ عمر ایوب کو بھی سوشل میڈیا پر منفی پروپیگنڈا کے معاملے پر جے آئی ٹی میں طلب کیا گیا تھا۔ واضح رہے کہ وفاقی حکومت کی قائم کردہ جے آئی ٹی کی سربراہی آئی جی اسلام آباد پولیس کر رہے ہیں۔
جے آئی ٹی الیکٹرانک جرائم کی روک تھام کے ایکٹ2016ءکے سیکشن30کے تحت تشکیل دی گئی ہے، جس کے پاس کیس کے حوالے سے مستندشواہد موجود ہیں۔ سوشل میڈیا پر پوسٹ سے متعلق تحقیقات جاری ہیں اور اسی سلسلے میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم کے سامنے پیش ہو گئے۔ تحقیقاتی ٹیم کی سربراہی آئی جی آسلام آباد نے کی، عمر ایوب سے سوشل میڈیا پر پوسٹ سے متعلق پوچھ گچھ کی گئی۔
ذرائع کے مطابق اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے آئی جی اسلام آباد سے کہا کہ میں نے ایف آئی آر میں آپ کو نامزد کیا ہوا ہے، آپ کیسے جے آئی ٹی کا حصہ بن سکتے ہیں۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ عمر ایوب نے کہا کہ جو تحقیقات کا معاملہ ہے مجھے تحریری شکل میں دیا جائے، سوشل میڈیا سے ہی مواد اکٹھا کیا گیا ہے، ہمیں یہ سوال اور ثبوت فراہم کریں، میرا کام ہی اپوزیشن کرنا ہے ، اگر اختلاف نہ کروں تو کیا کروں؟ ذرائع کے مطابق جے آئی ٹی کی جانب سے کوئی بھی سوال نامہ دینے سے انکار کر دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق عمر ایوب نے کہا کہ یہ سوال نامے محض ہوائی فائرنگ ہی ہیں۔