حکومتی ایکشن کے بعد میو ہسپتال کی نرسوں نے کام بند کردیا

لاہور: میو ہسپتال میں غلط انجکشن سے اموات کے بعد حکومتی ایکشن پر نرسوں نے احتجاج کرتے ہوئے کام بند کردیا جس سے مریضوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

ہسپتال میں انجکشن سے اموات کا ملبہ نرسوں پرڈال دیا گیا، تین نرسوں کو معطل کرکے انکوائری شروع کردی گئی۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ نرسوں نے انجکشن کا محلول بنانے میں غفلت کی تاہم حکومتی ایکشن کے بعد نرسوں کا ری ایکشن سامنے آیا۔

نرسنگ سٹاف سراپا احتجاج بن گیا اور کام بند کرکے وارڈ سے باہر آگئیں، سٹاف کا کہنا تھا کہ انجکشن کا محلول بنانا ہمارا نہیں، فارماسسٹ کا کام ہے، غلط انجکشن لگنے سے اموات کا ذمہ دار نرسوں کو ٹھہرانا ناانصافی ہے، فارما سیوٹیکل کمپنی کو بچانے کے لیے ملبہ نرسوں پر ڈالا گیا۔

مظاہرین نے پلے کارڈ اٹھائے ہوئے تھے اور شدید نعرے بازی کی۔ہسپتالوں میں کام بند ہونے سے مریضوں کو مشکلات کاسامنا ہے۔نرسوں نے الزام لگایا انجکشن دینے والی فارماسیوٹیکل کمپنی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کے قریبی ساتھی کی ہے، جسے بچایا جارہا ہے۔