اسلام آباد:پاکستان اور عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے درمیان تکنیکی مذاکرات تقریباً مکمل ہوگئے جس کے بعد پالیسی لیول کے مذاکرات کا آغاز ہوگیا۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے وفد کو ملکی معاشی صورت حال اور اصلاحاتی ایجنڈے پر بریفنگ دی ہے۔ آئی ایم ایف وفد کو گرین انیشیٹو پر موسمیاتی تبدیلی کے منصوبوں کی رپورٹ پیش کردی گئی۔ مذاکرات میں پی ایس ڈی پی اخراجات اور کٹوتی کے بارے میں بھی جائزہ لیا گیا۔
یہ بھی پڑھیے
وزارت خزانہ کی جانب سے جولائی تا فروری معاشی اشاریوں پر آئی ایم ایف وفد کو پریزنٹیشن دی گئی۔ ذرائع کے مطابق وفد کو مالیاتی خسارہ، پرائمری بیلنس، صوبوں کے سرپلس، ریونیو کلیکشن پر تفصیلات پیش کی گئی ہیں۔
آئی ایم ایف وفد سے رواں مالی سال کے لیے جولائی تا جنوری ریونیو پر بات بھی بات ہوئی۔ اس موقع پر اکنامک ونگ، بجٹ ونگ، ایکسٹرنل فنانس ونگ، ریگولیشنز ونگ، ڈی جی ڈیٹ نے آئی ایم ایف وفد کو بریفنگ دی، جس میں بتایا گیا کہ جولائی تا دسمبر مالیاتی خسارہ ایک ہزار 537 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا۔
ریونیو کلیکشن پر چیئرمین ایف بی آر راشد محمود لنگڑیال نے آئی ایم ایف وفد کو بریفنگ دی، جس میں ایف بی آر بورڈ ممبران بھی شریک تھے۔ آئی ایم ایف وفد وزارت خزانہ، وزارت توانائی، پلاننگ کمیشن، اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی)، فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر)، آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) اور نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) سمیت مختلف حکومتی اداروں کے ساتھ ملاقاتیں کرے گا۔