شامی صدر کی نئی  تصویر نے چاہنے والوں کے دل موہ لیے

روایتی انداز سے ہٹ کر لی گئی شامی صدر کی ایک تازہ  تصویر نے چاہنے والوں کے دل موہ لیے ہیں۔

شام  کے سابق صدر بشار الاسد کی حکومت کے خاتمے میں مرکزی کردار ادا کرنے والی شخصیت احمد الشرع اس وقت ملک کے عبوری صدر ہیں۔ وہ خاص طور پر بشار حکومت کے سقوط کے بعد سے اب تک سوشل میڈیا پر شامیوں کا موضوع بنے ہوئے ہیں۔

الشرع کے بارے میں ہر نئی بات شامیوں کو مصروف کر دیتی ہے۔ اسی سلسلے میں شامی عبوری صدر کی ایک تصویر حال ہی میں منظر عام پر آئی ہے جس میں وہ ایک سیاہ گھوڑے پر بیٹھے ہوئے ہیں۔

عرب میڈیا کے مطابق یہ تصویر میڈیا سے تعلق رکھنے والے موسی العمر نے “X” پلیٹ فارم پر اپنے اکاؤنٹ سے جاری کی۔ العمر گذشتہ عرصے کے دوران میں کئی مواقع پر احمد الشرع کے ساتھ نظر آ چکے ہیں۔

تصویر میں عبوری صدر غیررسمی لباس میں نظر آ رہے ہیں۔ انھوں نے جینز کی پینٹ اور لیدر جیکٹ پہن رکھی ہے۔ یہاں وہ نہ تو اپنی معروف فوجی وردی میں ہیں اور نہ حال ہی میں نظر آنے والے ٹو پیس سوٹ میں.

حماس کی مکمل اسرائیلی انخلاکے بدلے تمام یرغمالی ایک ساتھ چھوڑنے کی پیشکش

احمد الشرع کی یہ تصویر وسیع پیمانے پر وائرل ہوئی ہے اور اس پر لوگوں کے تبصرے بھی سامنے آئے ہیں۔ چاہنے والوں کی طرف سے انہیں نہ صرف پسند کیا جارہا ہے بلکہ ان کو بہت سراہا بھی جارہا ہے۔

یاد رہے کہ شامی اپوزیشن کے مسلح گروپوں نے جو “عسکری کارروائیوں کی انتظامیہ” کے نام سے معروف ہے، 27 نومبر کو تیزی کے ساتھ حملے کا آغاز کیا تھا جو 8 دسمبر کو سابق شامی صدر بشار الاسد کی حکومت کے خاتمے کی شکل میں اختتام پذیر ہوا۔

گذشتہ ماہ 18 مسلح گروپوں نے ایک کانفرنس کے دوران میں احمد الشرع کو شام کا عبوری صدر مقرر کر دیا۔ اس کے ساتھ ہی مسلح گروپوں نے خود کو تحلیل کرنے کا اعلان کر دیا اور وزارت دفاع کی چھتری کے نیچے اکٹھا ہو گئے تھے۔