فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس آئندہ دنوں میں 6 یرغمالیوں سمیت 4 لاشیں اسرائیل کے حوالے کرے گی۔
عرب میڈیا کے مطابق حماس نے اعلان کیا ہے کہ وہ آئندہ ہفتے کے روز ایک ہی باری میں 6 اسرائیلی قیدیوں کو آزاد کر دے گی ، جبکہ تنظیم کے رہنما خلیل الحیہ نے بتایا کہ حماس نے کل جمعرات کو 4 اسرائیلی یرغمالیوں کی لاشیں بھی حوالے کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
واضح رہے کہ یہ پیش رفت غزہ کی پٹی میں اسرائیل اور حماس کے درمیان فائر بندی معاہدے کے پہلے مرحلے کی تکمیل کے ضمن میں ہو گی ۔ معاہدے کا نفاذ گزشتہ ماہ 19 جنوری کو ہوا تھا۔
حماس رہنما الحیہ نے باور کرایا ہے کہ اسرائیل ابھی تک دوسرے مرحلے کے مذاکرات میں جانے سے بھاگ رہا ہے۔ انھوں نے زور دیا کہ اسرائیل کی جانب سے معاہدے کی تمام شقوں پر ٹال مٹول کے بغیر عمل درآمد کی ضرورت ہے۔
بھارت میں مسلمانوں کے ساتھ امتیازی سلوک ایک مرتبہ پھر بے نقاب
یاد رہے کہ گذشتہ ہفتے کے روز حماس نے 3 اسرائیلیوں کو رہا کیا تھا جس کے مقابل اسرائیلی جیلوں سے 369 فسلطینیوں کو آزاد کیا گیا۔ اس طرح معاہدے کا پہلا مرحلہ شروع ہونے کے بعد سے اب تک 33 میں سے 19 اسرائیلی یرغمالیوں کو زندہ واپس کیا جا چکا ہے۔ ان کے علاوہ تھائی لینڈ کے 5 باشندوں کو بھی رہا کیا گیا جو مقررہ قیدیوں کی فہرست میں شامل نہیں تھے۔
رپورٹ کے مطابق اب غزہ کی پٹی میں 73 اسرائیلی یرغمالی باقی ہیں جن کے بارے میں خیال کیا جا رہا ہے کہ ان میں سے صرف آدھی تعداد زندہ ہے۔