ملتان، لیہ: پنجاب کے مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثات کے دوران 10افراد جاں بحق جبکہ 9زخمی ہوگئے۔لیہ کوٹ ادو روڈ پر ٹریفک حادثے میں 3سگے بھائیوں سمیت 4افراد جاں بحق ہو گئے۔ریسیکو ذرائع کے مطابق کوٹ ادو روڈ پر عزیز فارم کے قریب کنکریٹ سے لوڈ ٹریکٹر ٹرالی ٹرک کے ساتھ ٹکرا کر الٹ گئی۔
ریسیکو حکام کا کہنا ہے کہ ٹریکٹر ٹرالی الٹنے سے اس کے اوپر بیٹھے 4افراد دب کر جاں بحق ہو گئے جبکہ ایک کو بچا لیا گیا۔ریسیکو ذرائع کے مطابق حادثے میں 3سگے بھائیوں سمیت 4افراد جاں بحق ہوئے، تمام افراد کا تعقل چوک سرور شہید کے نواحی علاقے سے ہے۔
دوسری جانب شہر اولیا ملتان میں حسن سوالی چوک پر ویگن، کار اور موٹرسائیکل آپس میں ٹکرا گئے جس کے نتیجے میں 6افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے جبکہ 8زخمی ہوگئے ۔حکام کا کہنا ہے نعشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جن میں سے 4کی حالت تشویشناک ہے۔
