راولپنڈی/اسلام آباد:سیکورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں کارروائیاں کرتے ہوئے 10 خارجی دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر سیکورٹی فورسز نے ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کھلاچی میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشن کیا، آپریشن کے دوران فورسز نے خوارج کے ٹھکانے پر مؤثر طریقے سے کارروائی کی، جس کے نتیجے میں 4 خوارج مارے گئے۔
شمالی وزیرستان کے علاقوں دتہ خیل، حسن خیل، غلام خان اور میر علی میں چار مختلف کارروائیوں میں سیکورٹی فورسز اور خارجی دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں 6 خوارج کو ہلاک کر دیا گیا۔مارے گئے خوارج کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔
ادھروزیرداخلہ محسن نقوی نے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشنز پر سیکورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیاہے، ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی بہادر سیکورٹی فورسز نے ایک بار پھر کامیاب آپریشنز کرکے خارجی دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا۔
سیکورٹی فورسز نے بروقت آپریشنز کرکے 10 خارجی دہشت گردوں کو عبرتناک انجام تک پہنچایا، سیکورٹی فورسز کو شاباش دیتے ہیں۔ خیبرپختونخوا میں قیام امن کے لیے سیکورٹی فورسز کے اقدامات لائق تحسین ہیں، خارجی دہشت گرد دھرتی کا بوجھ ہیں اور قوم کی حمایت سے ان کا مکمل خاتمہ کریں گے۔