مذاکرات ناکامی کا ذمہ دار کون؟کے پی اور پنجاب حکومت آمنے سامنے

پشاور/لاہور:مذاکرات ناکامی کا ذمہ دار کون؟کے پی اور پنجاب حکومت آمنے سامنے۔خیبر پختونخوا حکومت کے مشیر بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ نواز شریف اور مریم نواز مذاکرات کی ناکامی کے مشن میں کامیاب ہوگئے۔ بیرسٹر محمد سیف نے پی ٹی آئی اور حکومت کے مذاکرات میں ناکامی پر جاری بیان میں کہا ہے کہ نواز شریف کا گروپ مذاکرات کی ناکامی پر خوشی سے پھولے نہیں سما رہا۔بیرسٹر سیف نے کہا کہ نواز شریف نے عرفان صدیقی کو مذاکرات کی ناکامی کا ہدف دیا تھا۔ عرفان صدیقی اور رانا ثنا ء اللہ کے بیانات سے حکومت کی غیر سنجیدگی واضح تھی۔صوبائی مشیر نے کہا کہ نواز شریف کو سیاسی عدم استحکام میں ہی اپنی بقا نظر آ رہی ہے کیونکہ حقیقت کھل جانے کے بعد جعلی حکومت کو کہیں بھی منہ چھپانے کی جگہ نہیں ملے گی۔دوسری جانب وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ مذاکرات کا بخار تو پی ٹی آئی کو چڑھا تھا مریم نواز کو عوام کی خدمت سے ہی فرصت نہیں ۔عظمیٰ بخاری نے مشیر کے پی بیرسٹر سیف کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ آپ کا لیڈر اور اس کا خاندان سرٹیفائیڈ کرپٹ ہے، نواز شریف کا قصور نہیں۔ مذاکرات کا بخار بھی پی ٹی آئی کو ہی چڑھا تھا، حقیقت یہ ہے کہ نواز شریف اور مریم نواز کا ذکر کیے بغیر آج بھی آپ کی سیاست نا مکمل ہے۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ اڈیالہ کے قیدی کو نواز شریف نے نہیں کہا تھا کہ 9 مئی اور 26 نومبر کی بغاوت کرو۔ اس کو ڈیل کی کوئی امید نظر نہیں آئی، اس لیے ہی مذاکرات ختم کرنے کا اعلان کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ چور دروازے اور امپائر کی انگلی پر چلنے والا شخص بات چیت پر یقین نہیں رکھتا۔ جس کی پوری زندگی بیساکھیوں کے سہارے گزری ہو، وہ کبھی لیڈر نہیں بن سکتا۔ کوچ کی ڈائریکشن پر چلنے والا فراڈیا کوچ کے پکڑے جانے کے بعد سیاسی یتیم ہو چکا ہے۔