انجمن تاجران نے حکومت اورپی ٹی آئی سے بڑا مطالبہ کردیا

لاہور(اسلام ڈیجیٹل)آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات کے عمل میں بد اعتمادی کی فضاء پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ جب تک دونوں طرف سے بیان بازی پر پابندی عائد نہیں ہو گی مذاکرات کا مثبت نتیجہ نہیں نکلے گا ۔ معاشی اشاریے بہتری کی جانب گامزن ہیں جس کے تسلسل کیلئے سیاسی استحکام نا گزیر ہے ۔ اپنے بیان میں اشرف بھٹی نے کہا کہ پاکستان کا ڈیفالٹ کے خطرے سے باہر نکل کر معاشی استحکام حاصل کرنا خوش آئند ہے اور اس کیلئے وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں ان کی ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے ، قوم کا متفقہ مطالبہ ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں ملک کی خاطر میثاق معیشت کریں تاکہ ملک کو معاشی طور پر مضبوط بنیادیں میسر آ سکیں ۔ اشرف بھٹی نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن سے اپیل ہے کہ مذاکرات کے عمل کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے کھلے دل اور ذہن کے ساتھ پیشرفت کریں ، کسی بھی فریق کو سیاسی مفادات کی بجائے ملک کے مفادات کو ترجیح دینی چاہیے ۔