پی ٹی آئی کے اہم رابطوں سے ن لیگ میں ہلچل

لاہور/اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک+خبرایجنسیاں)پی ٹی آئی کی اہم شخصیت سے ملاقاتوں کے بعد ن لیگ میں کھلبلی مچ گئی ہے جبکہ اہم وزراء نے مذاکرات ختم کرنے کا مطالبہ کردیا ہے۔اتوار کے روز وزیراعظم شہباز شریف نے جاتی امرا رائیونڈ میں سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن)کے صدر محمد نواز شریف سے ملاقات کی جس میں پاکستان تحریک انصاف سے مذاکرات بھی زیر غور آئے۔

اس دوران وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز بھی موجود تھیں، ملاقات 2 گھنٹے سے زائد وقت تک جاری رہی۔پارٹی ذرائع نے بتایا ہے کہ ملاقات میں تینوں رہنمائوں نے موجودہ ملکی سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جب کہ وزیراعظم شہبازشریف نے نواز شریف کو ملک کی موجودہ سیاسی و معاشی صورتحال سے آگاہ کیا اوراہم امور پر مشاورت کی۔

اس کے علاوہ ملاقات میں پی ٹی آئی سے ہونے والے سیاسی مذاکرات بھی زیر غور آئے، مذاکراتی کمیٹیوں کی ملاقات کے دوران پیش کیے جانے والے تحریک انصاف کے تحریری مطالبات کے جواب پر بھی غور کیا گیا۔پارٹی ذرائع کے مطابق گفتگو میں کہا گیا کہ ملک کی معاشی بدحالی دور کرنے کے لیے حکومت کی کوششیں رنگ لائی ہیں، مہنگائی کے گراف میں خاطرخواہ کمی آئی ہے۔

مسلم لیگ (ن) کے صدر نے مہنگائی میں کمی اور عوام کو ریلیف کی فراہمی کے لیے حکومتی اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔نواز شریف نے کہا کہ ملک کے لئے ہم سب کو اکٹھا ہو کر چلنا ہوگا، انہوں نے وزیر اعظم کو ہدایت کی کہ مذاکرات میں ملکی مفاد کو سامنے رکھا جائے۔

دوسری جانب وزیر دفاع اور رہنما مسلم لیگ (ن)خواجہ آصف نے کہا ہے کہ میرے خیال میں پی ٹی آئی رہنما اپنے بیانات میںکہتے رہے ہیں 190ملین پائونڈ کے فیصلے سے قطع نظر ہم مذاکرات جاری رکھیں گے، دیکھتے ہیں کہ وہ مذاکرات جاری رکھتے ہیں یا ختم کر دیتے ہیں۔

ایک انٹرویو میں انھوں نے کہا کہ آپ سوال پوچھ رہے ہیں مجھے پتہ ہی نہیں ہے کہ عرفان صدیقی نے کیا کہا ہے ۔ خواجہ آصف نے کہا کہ میرے خیال میں عرفان صدیقی نے بڑی مناسب بات کی ہے، الٹی میٹلی وہ اسٹیبلشمنٹ سے بات کرنا چاہتے تھے۔

بیرسٹر گوہر اور آرمی چیف کے درمیان ملاقات کے حوالے سے ایک سوال پر انھوں نے کہا کہ پھر میرا خیال ہے کہ مذاکرات معطل کردیں، ان کے سامنے معاملہ رکھا ہے تو جب تک ان کا رسپانس نہیں آتا تب تک میرا خیال ہے کہ مذاکرات کی ضرورت نہیں ہے، میں تو یہی کہوں گا، الٹی میٹلی جہاں ان کی شدت سے خواہش تھی وہ وہاں پہنچ گئے ہیں۔

مشیروزارت قانون وانصاف بیرسٹرعقیل ملک نے کہا کہ پی ٹی آئی ایک ہی وقت میں کئی جگہ مذاکرات نہیں چلا سکتی۔ایک انٹرویو میں بیرسٹر عقیل ملک کا کہنا تھا کہ سیاسی مسائل کا حل سیاسی جماعتوں نے ہی نکالنا ہے، مذاکرات کے معاملات پر غوروفکر کر رہے ہیں، سپریم کورٹ میں بھی کیسزنمبروائز ہی چل رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عطاتارڑ نے پی ٹی آئی کی اپیل سے متعلق درست بات کی، قانون اورآئین سب کیلئے برابرہے، کوئی شک نہیں 190ملین پائونڈ اوپن اینڈشٹ کیس ہے،26ویں آئینی ترمیم میں بھی طے ہوا تھا اپیلیں نمبر کے مطابق لگیں گی۔ان کے رابطوں سے متعلق ہمیں کوئی پریشانی نہیں، پی ٹی آئی کا پہلا مطالبہ جوڈیشل کمیشن بنانے کا ہے، پی ٹی آئی کے مطالبات دیکھنے کیلئے کمیٹی بنا دی گئی ہے۔