گیس لائن معاملہ، ایران سے سفارتی رابطے میں ہیں، حکومتی ذرائع

حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاک ایران گیس پائپ لائن کے معاملے پر ایران سے سفارتی رابطے میں ہیں۔

خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق پاک ایران گیس پائپ لائن سے متعلق ایران نے پاکستان کو اگلے ماہ ثالثی عدالت جانے کے حوالے سے نوٹس دیا تو اس حوالے سے حکومتی ذرائع نے کہا ہے کہ ایران کے پاکستان کے خلاف ثالثی عدالت سے رجوع کرنے کے معاملے پر پاکستان اور ایران سفارتی سطح پر رابطے میں ہیں۔

اس حوالے سے حکومت اس معاملے کا بات چیت کے ذریعے حل نکالنے پر غور کر رہی ہے۔

حکومتی ذرائع نے بتایا کہ ثالثی میں پاکستان کا کیس مضبوط ہے، تاہم نوٹس کے مندرجات کو معاہدے کی پابندی کی وجہ سے خفیہ رکھا گیا ہے۔ حکومتی ذرائع کے مطابق بعض میڈیا رپورٹس میں جرمانے کی رقم پر قیاس آرائیاں کرکے سنسنی پھیلا ئی جارہی ہے۔

حکومتی ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ ایران نے بھی رقم کی کوئی بات نہیں کی ہے۔ میڈیا پر چلنے والی خبروں کا پاکستان کیخلاف استعمال ہونے کا اندیشہ ہے۔ اس لیے ملک کے وسیع تر مفاد میں قیاس آرائیوں سے گریز کیا جانا چاہیے۔ جو بھی معاملات ہیں ان کوسفارتی سطح پر دیکھا جا رہا ہے۔