Dollar

انٹربینک میں ڈالر کی قدر میں کمی، اوپن ریٹ مستحکم رہے

کراچی: ڈالر کی قدر میں کمی رجحان جاری، جمعرات کو انٹربینک میں امریکی کرنسی کی قدر 3 پیسے کی کمی سے 284 روپے11 پیسے رہی۔

خام تیل کی عالمی قیمتوں میں کمی کے رحجان ، معاشی شعبوں میں اصلاحات سے اشاریے بہتر ہونے اور طلب و رسد میں یکسانیت کے باعث جمعرات کو بھی ڈالر کی نسبت روپیہ تگڑا رہا۔

کاروباری دورانیے کے دوران انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر ایک موقع پر 44پیسے کی کمی سے 284روپے سے بھی گھٹ کر 283روپے 70پیسے کی سطح پر آگئی تھی لیکن رسد میں بہتری کے باوجود وقفے وقفے سے طلب بڑھنے پر ڈالر کی قدر میں اتارچڑھاؤ کا رحجان رہا۔

کاروبار کے اختتام پر انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر صرف 3پیسے کی کمی سے 284روپے 11پیسے پر بند ہوئی، اس کے برعکس اوپن کرنسی مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قدر بغیر کسی تبدیلی کے 285 روپے کی سطح پر مستحکم رہی۔

آئی ایم ایف کی جانب سے پاکستان کی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہونے کی پیش گوئی اور عالمی مالیاتی اداروں اور دوست ممالک کی سرمایہ کاری میں دلچسپی سے ڈالر کی نسبت روپیہ تگڑا رہا۔