پاکستان کے خلیج تعاون کونسل کیساتھ آزاد تجارتی معاہدے کی توثیق کی راہ ہموار

پاکستان اور سعودی عرب درمیان سرمایہ کاری سے متعلق اہم پیشرفت ہوئی ہے۔ پاکستان کے خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) کیساتھ آزاد تجارتی معاہدے (ایف ٹی اے) کی توثیق کی راہ ہموار ہوگئی۔

نگراں وزیراطلاعات مرتضیٰ سولنگی کا کہنا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کاسرمایہ کاری کے طریقوں پر اتفاق ہوگیا ہے، خلیج تعاون کونسل کیساتھ آزاد تجارتی معاہدے کی توثیق کی راہ ہموار ہوگئی۔

یاد رہے کہ پاکستان اور خلیج تعاون کونسل میں آزاد تجارت کا معاہدہ19سال سے التوا کا شکار تھا، گزشتہ 15 سال میں کسی ملک کے ساتھ طے پانے والا پہلا تجارتی وسرمایہ کاری معاہدہ ہوگا۔

دوسری جانب گزشتہ روز پاکستانی وفدنے جی سی سی ممالک سے آزادانہ تجارت کے معاہدے کے سرمایہ کاری سے متعلقہ حصے کو حتمی شکل دینے کے لیے چیف مذاکرات کار کے ساتھ ملاقات کی۔ دونوں اطراف کی تکنیکی ٹیموں نے سرمایہ کاری کے باب کی بقیہ تفصیلات بشمول سرمایہ کاری کے تحفظ اور سہولت پر وسیع بات چیت کی۔ فریقین نے دو طرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے بہاؤپر آزادانہ تجارت کے ممکنہ اثرات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔