Pakistan Airline

پی آئی اے کے تمام بینک اکاؤنٹس منجمد

فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز کے تمام بینک اکاؤنٹس منجمد کردیئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پی آئی اے کے ذمہ فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی مد میں ساڑھے 5 ارب روپے کے بقایا جات ہیں۔

ذرائع کے مطابق ایف بی آر نے پی آئی اے کے ذمہ ساڑھے 5 ارب روپے کے بقایا جات کے معاملے پر قومی ایئر لائن کے تمام اکاؤنٹس منجمد کردیئے۔

ایف بی آر کا کہنا ہے کہ پی آئی اے کے بینک اکاؤنٹس لارج ٹیکس پیئر یونٹ کراچی نے منجمد کئے، اکاؤنٹس میں موجود ڈیڑھ کروڑ روپے قومی خزانے میں جمع کروا دیئے گئے۔

ایف بی آر کے مطابق واجبات کی ریکوری کیلئے یہ رقم قومی خزانے میں جمع کرائی گئی، پی آئی اے کے ذمہ ایف ای ڈی کے واجبات ستمبر 2023ء تک کے ہیں۔

ایف بی آر نے پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز کی کوئی بھی رقم اکاؤنٹس میں آنے پر فوری ٹریژری اکاؤنٹس میں منتقل کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔

واضح رہے کہ کچھ عرصہ قبل بھی معاشی مسائل میں گھری قومی ایئر لائن کو عدم ادائیگی پر پی ایس او نے فیول کی فراہمی روک دی تھی۔