مچھلیوں کی برآمدات میں 7.96 فیصد کمی ریکارڈ

ملک سے مچھلیوں کی برآمدات میں رواں مالی سال کے پہلے 4 ماہ میں سالانہ بنیادوں پر 7.96 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔

پاکستان بیورو برائے شماریات اور اسٹیٹ بینک کی جانب سےجاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق جولائی سے اکتوبر تک کی مدت میں مچھلیوں کی برآمدات سے ملک کو 123.86 ملین (12 کروڑ 38 لاکھ 60 ہزار) ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 7.96 فیصد کم ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں مچھلیوں کی برآمدات سے ملک کو 134.78 ملین (13 کروڑ 47 لاکھ 80 ہزار) ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا تھا۔

ایف بی ایس کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے 4 ماہ میں 54 ہزار 451 میٹرک ٹن مچھلیوں کی برآمدات ریکارڈ کی گئی، اکتوبر 2023ء میں مچھلیوں کی برآمدات کا حجم 16 ہزار 648 میٹرک ٹن ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ سال اکتوبر میں 20 ہزار 25 میٹرک ٹن تھا۔

رپورٹ کے مطابق ستمبر کے مقابلے میں اکتوبر میں مچھلیوں کی برآمدات میں ماہانہ بنیادوں پر 6.70 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ مقامی مارکیٹ میں مچھلی کی قیمت میں اتار چڑھاؤ ہے۔ ذرائع کے مطابق سمندری ہوائیں تیز ہونے کے باعث مچھلی کے شکار میں مشکلات درپیش ہیں، جس کی وجہ سے مارکیٹ میں مچھلی کی تعداد بھی کم ہے۔

اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ جاری مالی سال کے پہلے 4 ماہ میں خوراک کی مجموعی برآمدات میں 30.29 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، مالی سال کے پہلے 4 ماہ میں غذائی اشیاء کی برآمدات کا حجم 1.944 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ مالی سال کے اسی مدت میں 1.492 ارب ڈالر تھا۔