Pakistan Stock Exchange

اسٹاک مارکیٹ میں تیزی برقرار، 100 انڈیکس نئی بلند ترین سطح پرپہنچ گیا

کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں تیزی کا تسلسل برقرار، 100 انڈیکس تاریخ کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔

سعودی عرب اور چین کی پاکستان کے ریفائنری سیکٹر میں سرمایہ کاری کی اطلاعات، آئی ایم ایف کی پاکستانی معیشت کی کارکردگی پر اطمینان کے اظہار اور مثبت تیکنیکی مذاکرات سے قرضے کی اگلی قسط کا اجراء یقینی ہونے جیسے عوامل کے باعث پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں پیر کو بھی تیزی کا تسلسل برقرار رہا جس کی وجہ سے 100 انڈیکس تاریخ کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔

اسٹاک مارکیٹ میں تیزی کے سبب 70فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں جبکہ حصص کی مالیت میں 93ارب 85کروڑ 43لاکھ 31ہزار 342روپے کا اضافہ ہوگیا۔

کاروباری دورانیے میں ایک موقع پر 44پوائنٹس کی مندی اور بعدازاں 822پوائنٹس کی تیزی بھی ہوئی لیکن اختتامی لمحات میں پرافٹ ٹیکنگ کی وجہ سے تیزی کی مذکورہ شرح میں کمی واقع ہوئی نتیجتاً کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 737.33 پوائنٹس کے اضافے سے 53860.36 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔

کے ایس ای 30 انڈیکس 193.86 پوائنٹس کی کمی سے 17997.77 پوائنٹس پر بند ہوا، کے ایم آئی 30 انڈیکس 1104.97 پوائنٹس کے اضافے سے 91428.29پوائنٹس اور پی ایس ایکس کے ایم آئی انڈیکس 326.15پوائنٹس کے اضافے سے 26299.12پوائنٹس پر بند ہوا۔

کاروباری حجم گذشتہ جمعے کی نسبت 7.35فیصد زائد رہا اور مجموعی طور پر 54کروڑ 65لاکھ 47ہزار 257 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار 368 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں 256 کے بھاؤ میں اضافہ 97 کے داموں میں کمی اور 15 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔