پی آئی اے نے ایئر بس 320 طیارے کا سیمولیٹر حاصل کر لیا

قومی ایئر لائن (پی آئی اے) نے ایئر بس 320 طیارے کا سیمولیٹر حاصل کر لیا۔

ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ ایئر بس اے 320 طیارے کا سیمولیٹر برطانیہ سے خریدا گیا ہے، جس کی مالیت 90 لاکھ ڈالر ہے، سیمولیٹر کی تنصیب سے پائلٹس کی تربیت پر خرچ ہونے والے لاکھوں ڈالر کی بچت ہو گی۔

ترجمان نے کہا ہے کہ پی آئی اے کے پائلٹس ایئر بس 320 طیارے کی تربیت کے لیے پہلے بیرون ملک جاتے تھے، اے 320 طیارے کا سیمولیٹر پی آئی اے ٹریننگ سینٹر کراچی میں نصب کیا گیا ہے۔

پی آئی اے کے ترجمان نے بتایا ہے کہ قومی ایئر لائن کے پاس سیمولیٹرز کی تعداد 3 ہو گئی ہے، ہوا بازوں نے تربیت کے لیے سیمولیٹر سے استفادہ کرنا شروع کر دیا ہے۔

ترجمان نے یہ بھی کہا ہے کہ سیمولیٹر پر ہوا بازوں کو ٹیک آف، لینڈنگ اور موسمی حالات سے نبرد آزما ہونے کی تربیت دی جا رہی ہے، ملکی اور غیر ملکی ایئر لائنز کے پائلٹ کو تربیت فراہم کر کے آمدنی بھی حاصل ہو گی۔