پی ایس او نے پی آئی اے کو ایندھن کی فراہمی بند کردی، متعدد پروازیں منسوخ

کراچی: قومی ایئرلائن پر پی ایس او کے واجبات 26.5 ارب روپے سے تجاوز کرگئے۔ پاکستان اسٹیٹ آئل نے پی آئی اے کو ایندھن کی فراہمی بند کردی ہے۔

ایندھن کی فراہمی میں تعطل کی وجہ سے قومی ایئر لائن کی دوطرفہ 8 پروازیں منسوخ اور 4 تاخیر کا شکار ہوگئیں۔

پی ایس او کے ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی ایئرلائن کے واجبات کی عدم ادائیگی پر چھوٹے روٹس کے لیے مقامی پروازوں کو ایندھن کی فراہمی مجبورا معطل کرنا پڑی۔ بھاری مالیت کی واجبات کی عدم ادائیگی سے پی ایس او کو بھی شدید مالی بحران کا سامنا ہے۔

واجب لادا واجبات ادا نہ کرنے پر پی آئی اے کو ایندھن کی فراہمی بند کی ہے. پہلے مرحلے میں چھوٹے شہروں کے درمیان فلائٹ سروس کو ایندھن کی فراہمی بند کی گئی ہے. پی آئی اے کی انٹرنیشنل پروازوں اور بڑے شہروں کے درمیان پروازوں کو ایندھن معمول کے مطابق فراہم کیا جارہا ہے۔

زرائع کا کہنا ہے کہ قومی ایئرلائن کی کریڈٹ لائنز کی حد پوری ہوچکی ہے 10 اکتوبر تک واجبات 26 ارب 50 کروڑ روپے سے تجاوز کرچکی۔

اندرون ملک بڑے شہروں کے درمیاں آپریٹ ہونے والی پروازوں کو بھی ایندھن کی فراہمی جاری ہے۔