روپے کی قدر میں بہتری کے باعث سونے کی قیمتوں میں نمایاں کمی

روپے کی قدر میں اضافے اور عالمی مارکیٹ میں قیمتوں میں کمی کے نتیجے میں گزشتہ 25 روز کے دوران مقامی مارکیٹ میں 24 قیراط سونے کی قیمت میں 20 ہزار روپے فی تولہ کی نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق ہفتے کے روز 24 قیراط سونے کی قیمت ایک لاکھ 94 ہزار روپے اور ایک لاکھ 96 ہزار روپے فی تولہ کے درمیان رہی جو عالمی مارکیٹ کی شرح ایک ہزار 832 ڈالر فی اونس کی بنیاد پر ہے، یہ 12 ستمبر کی دو لاکھ 15 ہزار روپے فی تولہ قیمت سے نمایاں طور پر کم ہے جب کہ اس وقت عالمی مارکیٹ میں قیمت ایک ہزار 911 ڈالر فی اونس تھی۔

یاد رہے کہ مئی کے دوسرے ہفتے میں سونے کی قیمت 2 لاکھ 40 روپے فی تولہ کی تاریخی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی تھی جب کہ عالمی قیمت 2 ہزار 31 ڈالر فی اونس اور ڈالر کی قیمت تقریباً 288 روپے تھی۔6 اکتوبر کو ڈالر کی شرح مبادلہ 282.75 روپے تھی، 12 ستمبر کو اس کا ریٹ 299.75 روپے اور 5 ستمبر کو اس کی بلند ترین سطح 307 روپے تھی۔

یہ بات قابل ذکر ہے کہ آل پاکستان جیم اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کی جانب سے 13 ستمبر کو یومیہ نرخوں سے متعلق اعلان روکے جانے کے بعد تاجر اپنی مرضی سے قیمتیں طے کر رہے ہیں۔ آل پاکستان جیم اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے رہنما کا کہنا ہے کہ 9 اکتوبر سے دوبارہ یومیہ قیمتوں سے متعلق اعلان شروع کیا جائے گا۔