Dollar

ڈالر کی انٹربینک اور اوپن مارکیٹ میں پیش قدمی جاری

کراچی: ڈالر کی انٹربینک اور اوپن مارکیٹ میں روپے کے مقابلے میں قیمت بڑھنے کا سلسلہ جاری ہے۔

منگل کے روز کاروبار کا آغاز ڈالر کی قدر میں 26 پیسے کی گراوٹ کے ساتھ شروع ہوا، جس سے ڈالر 279 روپے کی سطح پر آ گیا، تاہم مارکیٹ میں اتار چرھاؤ کا رجحان رہا اور دیکھتے ہی دیکھتے انٹربینک میں ڈالر کی قدر 1.24 روپے بڑھ کر 280.50 روپے ہو گئی۔

بعد ازاں روپے کے مقابلے میں ڈالر مزید تگڑا ہوا اور قیمت میں 3.78 روپے کا اضافہ ہوگیا، جس سے انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر 283.04 روپے کی سطح پر بند ہوا۔

دریں اثنا اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قیمت میں ایک روپے کا اضافہ ہوا، جس سے ڈالر 287 روپے کی سطح پر آ گیا۔

دوسری جانب کاروباری ہفتے کے دوسرے روز ابتدا میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں تیزی کا رجحان رہا۔ 100 انڈیکس میں 145 پوائنٹس کی تیزی ہوئی جس سے 100 انڈیکس بڑھ کر 45187 پوائنٹس کی سطح پر آ گیا، تاہم بعد میں 100 انڈیکس کی 45000 پوائنٹس کی نفسیاتی سطح گر گئی اور 64 پوائنٹس کی مندی کے ساتھ 100 انڈیکس گھٹ کر 44978 پوائنٹس کی سطح پر آ گیا جب کہ کاروبار کے اختتام تک 100 انڈیکس 33 پوائنٹس کی مندی کے ساتھ 45009 پوائنٹس کی سطح پر آگیا تھا۔